لیتھ پورہ میں ڈمپراور ماروتی میں ٹکر،4افراد زخمی،اسپتال منتقل
سری نگر:جے کے این ا یس : بجبہاڑہ سڑک حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر دو ہو گئی ہے کیونکہ شدید طور پر زخمی ایک نوجوان کرکٹر کل دیر رات زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔جے کے این ایس کے مطابق یہ سڑک حادثہ پیر کی شام یہاں فروٹ منڈی جبلی پورہ کے قریب جنوبی کشمیر میں اس وقت پیش آیا جب ایک ٹرک ،ایک پرائیویٹ کار سے ٹکرا گیا، جس سے4 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے2 کی موت ہو گئی اور 2 دیگر زیر علاج ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق ایک اہلکار نے بتایا کہ سنگم کارہنے والا نوجوان جاسف حسن ولد غلام حسن ڈار کوپیرکی شام تشویشناک حالت میں جی ایم سی اننت ناگ لے جایا گیا تھا۔جہاں وہ ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود رات دیر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔اس سے قبل عرفان احمد ساکنہ میر بازار قاضی گنڈ کی اس حادثہ میں موقع پر ہی موت ہوگئی تھی۔2دیگر زخمی جن کی شناخت ندیم احمد ڈار ساکنہ سیٹھار اور خورشید احمد ساکنہ کھنموہ کے نام سے ہوئی ہے، اس وقت زیر علاج ہیں۔اس دوران جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے لیتھ پورہ علاقے میں منگل کو ایک سڑک حادثے میں کم از کم 4 افراد زخمی ہو گئے۔ایک اہلکار نے بتایا کہ حادثہ سری نگرجموں نیشنل ہائی وے44 پر اس وقت پیش آیا جب ہٹی واڑہ جنکشن کے قریب ایک ڈمپر، ایک ماروتی آئی جی این آئی ایس گاڑی سے ٹکرا گیا۔ قریب ہی موجود 110 بٹالین سی آر پی ایف کے دستوں نے فوری طور پر صورتحال کا جائزہ لیا اور زخمیوں کو اپنی یونٹ کی ایمبولینس میں پہنچایا جبکہ زخمیوں کو علاج کے لیے سب ڈسٹرکٹ اسپتال پہنچایاگیا،جہاں وہ زیر علاج ہے۔ اس دوران حکام نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے، اور مزید تفتیش جاری ہے۔








