سری نگر:جے کے این ا یس : حکمراں جماعت نیشنل کانفرنس نے منگل کو کہا کہ وہ کشمیر میں مقیم اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے اسپیکر عبدالرحیم راتھر کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کی حمایت نہیں کرے گی۔جے کے این ایس کے مطابق اسپیکر کی جانب سے قانون ساز اسمبلی کی کارروائی ملتوی کرنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس سے وابستہ ممبراسمبلی سلمان ساگر نے کہا کہ وہ (این سی)اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی حمایت نہیں کریں گے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا پارٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی حمایت کرے گی ۔توانہوںنے کہاکہ نہیں، بالکل نہیں ۔وقف (ترمیمی) بل 2025 پر بحث کی اجازت دینے سے اسپیکر کے انکار کے جواب میں ان کی طرف سے یہ تحریک پیش کی گئی۔پی ڈی پی اور پی سی ارکان اسمبلی کی طرف سے پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ اسپیکر کے اقدامات پر ایوان کے اندر بڑے پیمانے پر غم و غصے کا نتیجہ ہے، جس میں تحریک التواء پر بحث کو مسترد کرنا اور اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے پیش کردہ قرارداد پر غور کرنے سے انکار شامل ہے۔








