سری نگر، نیشنل کانفرنس نے جموں وکشمیر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سینئر لیڈر سنیل شرما کو واپس تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ انہیں دہلی اور ان کی اپنی پارٹی نے اسمبلی میں اپوزیشن کے طور پر ناکام ہونے پر ڈانٹا ہے۔واضح رہے کہ موصوف اپوزیشن لیڈر نے سری نگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران نیشنل کانفرنس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
اس کے جواب میں نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ اور رکن اسمبلی تنویر صادق نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘ دو دنوں میں دو پریس کانفرنسیں، اور بی جے پی کے لیڈر آف اپوزیشن ابھی تک کچھ بتانے میں کامیاب نہیں ہو سکے’۔انہوں نے کہا: ‘ ایسا لگتا ہے کہ انہیں دہلی اور ان کی اپنی پارٹی نے اسمبلی میں اپوزیشن کے طور پر ناکام ہونے پر ڈانٹا ہے’۔
موصوف ترجمان اعلیٰ نے سنیل شرما کے نیشنل کانفرنس کے 10 ہزار ورکروں کی ہلاکت کے بارے میں پیش کئے گئے منطق کو چلینج کرتے ہوئے کہا: ‘ہم ان کے سارے بیان کو بے نقاب کرسکتے ہیں لیکن فی الوقت ان کے نیشنل کانفرنس کے 10 ہزار ورکروں کی ہلاکت کے الزام پر بات کرتے ہیں’۔ان کا کہنا تھا: ‘اس منطق کے لحاظ سے، تو پھر کیا بی جے پی 2019 سے لے کر آج تک سیکورٹی فورس کی ہر ایک ہلاکت کے لیے ذمہ دار ہے، جس میں ابھی ایک جے سی او کی المناک شہادت بھی شامل ہے’۔انہوں نے سوالیہ انداز میں کیا: ایل او پی صاحب، یہ کس کی ناکامی ہے’۔
قابل ذکر ہے کہ سنیل شرما نے پریس کانفرنس کے دوران کہا: ‘ سنیل شرما نے کہا: ‘نیشنل کانفرنس بار بار کہتی ہے کہ اس کے 10 ہزار ورکر مارے گئے لیکن یہ ہلاکتیں اس وقت ہوئی جب جموں و کشمیر میں ہوم ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کے پاس تھا’انہوں نے کہا: ‘جب سے یہ محکمہ مرکزی سرکار کے ہاتھوں میں ہے تب سے نیشنل کانفرنس کے ورکر محفوظ ہیں’۔
یو این آئی ایم افضل








