راجوارہندوارہ اور کشتواڑ میں دلدوز واقعات نوجوان کرکٹر مسجدکی سلیب سے گرکرجاں بحق

ذہنی دباﺅ کے شکار 80سالہ وکیل کی مبینہ خودکشی
سرینگر:جے کے این ایس : شمالی کشمیرکے ضلع کپوارہ کے راجوارہندوارہ علاقے میں ایک مسجد کی سلیب سے گرکر ایک25سالہ نوجوان کرکٹر کی موت واقعہ ہوگئی ۔جے کے این ایس کے مطابق یہ سانحہ اس وقت پیش آیا جب 25سالہ محمد سلیم ولد محمد یوسف مقامی مسجدکی سلیب سے گر کر جان کی بازی ہار گیا۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ محمد سلیم مسجد کی سلیب پر پانی چھڑک رہا تھا ،جب وہ غلطی سے پھسل گیا اور سلیب سے نیچے گر گیا، اس کے سر پر شدید چوٹ آئی، رپورٹس کے مطابق اسے فوری طور پر جی ایم سی ہندواڑہ ریفر کیا گیا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ ڈاکٹروں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ موت کی وجہ سر میں گہری چوٹ بنی ۔ادھر حکام نے منگل کو بتایاکہ ضلع کشتواڑ میں ایک سینئر وکیل نے مبینہ طور پر اپنے لائسنس یافتہ آتشیں اسلحے سے خود کو گولی مارنے کے بعد مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ مہلوک وکیل کی شناخت80سالہ غلام نبی زرگر کے نام سے ہوئی ہے اور وہ کشتواڑ ضلع کے علاقے علی آباد کا رہنے والا تھا۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ پیر کی رات گئے تقریباً 11 بجے ان کے گھر پر پیش آیا۔ ابتدائی نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ ایڈووکیٹ غلام نبی زرگر ڈپریشن (افسردگی)کاشکارتھا اور اس نے اپنی12 بور کی لائسنس یافتہ بندوق کا استعمال کرتے ہوئے اپنی جان لے لی۔ پولیس نے بتایا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم سمیت طبی قانونی کارروائیوں کےلئے اسپتال لے جایا گیا اور بعد ازاں نعش کوآخری رسومات کی ادائیگی کیلئے ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔ واقعے کے ارد گرد کے حالات کی مزید تحقیقات کے لیے کارروائی شروع کردہ گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں