سری نگر، جموں و کشمیر پولیس نے منشیات کے خلاف اپنی مہم کو مزید تیز کرتے ہوئے بارہمولہ اور سرینگر میں چار منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے نشیلا مواد برآمد کیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق، گانٹہ مولہ پائین میں چیکنگ کے دوران پولیس نے ایک نوجوان عثمان بن رمضان ولد محمد رمضان لون ساکن فتح گڑھ کو روک کر اس کے قبضے سے 50 گرام چرس برآمد کی۔ پولیس نے ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا۔
اسی طرح، کرالہ ہار بارہمولہ میں پولیس نے ایک سکوٹی سوار کو روکا، جس کے قبضے سے 30 گرام ہیروئن جیسی نشیلی اشیاء برآمد ہوئیں۔ گرفتار شخص کی شناخت بشیر احمد بٹ ولد حاجی غلام قادر بٹ ساکن عمر کالونی بارہمولہ کے طور پر ہوئی ہے۔
ادھر، سری نگر-بارہمولہ شاہراہ پر ایک زائلو گاڑی حادثے کا شکار ہوئی، جس میں گاڑی کا ڈرائیور عامر خان ولد محبوب خان ساکن باغات پورہ ہندواڑہ زخمی ہوا۔ پولیس کے مطابق، زخمی ڈرائیور کے قبضے سے 2.5 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
مزید برآں، بمنہ چوک سرینگر میں پولیس نے ایک مشتبہ نوجوان کو روک کر اس کی تلاشی لی، جس کے دوران اس کے قبضے سے 19,600 روپے نقدی، ایک موبائل فون اور چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار نوجوان کی شناخت منظور احمد ڈار ولد سلطان ڈار ساکن چندالی وانی گام ٹنگمرگ کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے ان تمام معاملات میں مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
یو این آئی- ارشید بٹ








