دن بھر دُھوپ چھاﺅںکا کھیل جاری رہنے کے بعدجمعہ کی شام بدلا موسم کا مزاج
گرج چمک کیساتھ موسلادار بارش اورتیز ہوائیں شروع
سری نگر: جے کے این ایس : موسمیاتی ماہرین کی پیش گوئی کے عین مطابق صبح تک سہ پہر دھوپ چھاﺅںکا کھیل جاری رہنے کے بعد جمعہ کی شام سری نگر سمیت کشمیر وادی کے بیشتر علاقوںمیں گہرے بادل چھاگئے ،اور کئی مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش کاسلسلہ شروع ہوگیاجبکہ اس دوران کچھ علاقوں سے تیز ہوائیں چلنے کی اطلاعات بھی ملیں ۔اُدھر اگلے کم سے کم تین دن مغربی ہواﺅں کے زیر اثر رہنے والے اضلاع میں حکام نے ایڈوائزری جاری کرکے لوگوںکو نقل وحمل میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ۔جے کے این ایس کے مطابق موسمیاتی ماہرین نے بتایاکہ جموں وکشمیرمیں جمعہ کو شام دیر گئے سے مغربی ہوائیں فعال ہونگی ،جسکے نتیجے میں 18اپریل کو شام دیر سے 20اپریل کی سہ پہرتک کشمیر وادی کے اکثر میدانی علاقوں میں گوج چمک کیساتھ تیز بارشوں کیساتھ ساتھ کچھ علاقوںمیں40سے 70کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے جبکہ کچھ بالائی علاقوں بشمول گلمرگ ،سونمرگ، سنتھن پاس، پیر کی گلی،رازدان ٹاپ ،سادھنا ٹاپ ،گریز ،مژھل اور زوجیلا میں برف باری متوقع ہے ۔موسمیاتی مرکز سری نگرکی جانب سے جمعہ کو جاری تازہ موسم کاری میں بتایاگیاکہ 18سے20اپریل کے درمیان آسمان پر بادل چھائے رہنے کے بیچ اکثرمقامات پر ہلکی سے اعتدال پسند بارش اور بالائی مقامات پربرف باری کاامکان ہے جبکہ موسمیاتی مرکزکے مطابق 18اور19اپریل کو برف وباراں کیساتھ ساتھ تیز ہوائیں چلنے کابھی امکان ہے ۔موسمیاتی مرکز کے مطابق21اپریل کو بھی الگ تھلگ مقامات پر گرج چمک کیساتھ ہلکی بارش متوقع ہے تاہم 22سے28اپریل تک موسم عام طور پر خشک رہے گا۔ تمام متعلقہ افراد کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اس کے مطابق منصوبہ بندی کریں اور انتظامیہ کی ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں۔کاشتکاروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ 18سے20 اپریل کے دوران کھیتوںکے کام کو معطل کر دیں۔موسمیاتی مرکزنے خبردار کیاکہ 18اور19 اپریل کے دوران جموں و کشمیر کے بکھرے ہوئے مقامات پر شدید بارش اوربرفباری کا امکان کاامکان ہے ،جسکے نتیجے میں خطرناک جگہوں پرزمین کھسکنے ،مٹی کے تودے اورپتھر گرآنے کا اندیشہ ہے ۔موسمیاتی مرکزنے لوگوں کو مشورہ دیاکہ وہ گرج چمک اورآسمانی بجلی چمکنے کے دوران گھروں یا عمارات کے اندراورمحفوظ جگہوں پر رہیں۔دریں اثناءکم سے کم تین دن مغربی ہواﺅں کے زیر اثر رہنے والے اضلاع بشمول بارہمولہ میں حکام نے ایڈوائزری جاری کرکے لوگوںکو نقل وحمل میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ۔








