محبوبہ مفتی اورسجادلون کی مرکزی حکومت سے اپیل
سری نگر: جے کے این ایس : پی ڈی پی کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جمعرات کو کہا کہ انہوں نے پہلگام دہشت گردانہ حملے پر اظہار تعزیت کرنے اور جموں و کشمیر سے باہر کشمیری طلبہ اور تاجروں کو درپیش خطرات کے بارے میں تشویش ظاہر کرنے کے لیے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے بات کی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق سماجی رابطہ گاہ ایکس پر ایک پوسٹ میں پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہاکہ میں نے وزیر داخلہ امیت شاہ جی سے بات کی تاکہ میں پہلگام دہشت گردانہ حملے کے سوگوار خاندانوں کےساتھ اظہار یکجہتی کیا جا سکے۔انہوںنے کہاکہ ہم غم کی اس گھڑی میں قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ انہوں نے وزیر داخلہ سے درخواست کی کہ مختلف ریاستوں میں کشمیری طلبہ اور تاجروں کو کھلے عام دھمکیاں دینے والے بعض عناصر کے تناظر میں مداخلت کریں۔محبوبہ مفتی نے اپنی پوسٹ میں مزید کہاکہ جہاں بھی اس طرح کے واقعات کی اطلاع دی جا رہی ہے، ان کی حفاظت اور تحفظ کو یقینی بنانے کےلئے بلا تاخیر مداخلت کرنے پر زور دیا۔اس دوران پیپلز کانفرنس کے چیئرمین اور ممبراسمبلی ہندوارہ سجادغنی لون نے ایکس پرایک پوسٹ میں لکھاکہ ملک بھر میں ایسے بہت سے واقعات ہوئے ہیں جن میں کشمیری طلبہ کو ہراساں کیا جا رہا ہے، مارا پیٹا گیا ہے، غنڈہ گردی کی جا رہی ہے اور یہاں تک کہ اپنے رہائشی احاطے کو خالی کرنے کو کہا جا رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ میں مرکزی حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ براہ کرم کشمیری طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنائے۔
