کشمیر:پاکستانی شہریوں کا فوری انخلا یقینی بنایا جائے:ایل جی منوج سنہا

سری نگر، جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران تمام ضلعی مجسٹریٹوں (ڈی سیز) اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پیز) کو ہدایت دی ہے کہ وہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں مقیم پاکستانی شہریوں کے فوری اور مکمل انخلا کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن قانونی و انتظامی اقدام اٹھائیں۔

ایل جی سنہا نے یہ ہدایات سماجی رابطے پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے سرکاری ہینڈل کے ذریعے ایک پیغام میں دی، جس میں انہوں نے کہا:’ڈی سیز اور ایس ایس پیز کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ تمام افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ وزارت داخلہ کی جانب سے مقرر کردہ ڈیڈلائن کے مطابق جموں و کشمیر سے پاکستانی شہریوں کے انخلا کو یقینی بنانے کے لیے مناسب اور سخت اقدامات عمل میں لائیں۔‘

حکام کے مطابق ضلعی سطح پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں جو پاکستانی شہریوں کے کاغذات کی جانچ، قیام کی مدت اور قانونی حیثیت کی چھان بین کر رہی ہیں، تاکہ انخلا کا عمل مقررہ وقت میں مکمل کیا جا سکے۔

یو این آئی، ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں