سرحدی کشیدگی: جموں میڈیکل کالج کے عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت

جموں،سرحدی کشیدگی کے پیش نظر میڈیکل کالج جموں نے تمام عملے کو ہدایت دی ہے کہ وہ الرٹ پر رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مکمل تیاری کو یقینی بنائیں۔

سرکاری حکم نامے کے مطابق:’جموں و کشمیر میں موجودہ سرحدی کشیدگی کے پیش نظر، جی ایم سی جموں کے تمام اسٹاف ممبران کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور کسی بھی وقت پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار رہیں۔‘

حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ اسٹور آفیسر اور اسٹور کیپرز کو تمام ضروری طبی سامان، ایمرجنسی ادویات اور اہم مشینری کو فوری استعمال کے لیے تیار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اسپتال انتظامیہ نے تمام عملے سے کہا ہے کہ وہ غیر ضروری رخصتوں سے گریز کریں اور ڈیوٹی کے اوقات کے دوران اسپتال کی حدود میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ مریضوں کو بلا تعطل طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔

اس سلسلے میں ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جو ہنگامی صورتِ حال میں تمام کارروائیوں کے درمیان رابطے کا کام انجام دے گا۔ یہ کنٹرول روم چوبیس گھنٹے کام کرے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

یو این آئی، ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں