سری نگر،پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملے کے بعد جنوبی ضلع اننت ناگ میں انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں میں زبردست تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
اننت ناگ پولیس نے فوج، سی آر پی ایف اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے اشتراک سے ضلع بھر میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق، ضلع کے مختلف علاقوں میں روز و شب چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران اب تک175 مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کی خاطر پولیس تھانوں پر طلب کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، عوامی سلامتی کو مزید یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں متعدد موبائل وہیکل چیک پوائنٹس (ایم وی سی پیز) قائم کیے گئے ہیں، جہاں مشکوک سرگرمیوں اور افراد پر کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی جنگلاتی اور دشوار گزار علاقوں میں دہشت گرد مخالف آپریشنز میں شدت لائی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 22 اپریل کو پہلگام میں دہشت گردوں نے سیاحوں پر حملہ کیا تھا جس میں 25 سیاحوں اور ایک نیپالی باشندہ جاں بحق جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ اس حملے کے بعد جنوبی کشمیر میں سیکیورٹی ایجنسیاں پوری طرح متحرک ہو گئی ہیں۔
ادھر، راجوری، پونچھ اور جموں کے حساس علاقوں میں بھی سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ جموں-راجوری-پونچھ شاہراہ پر سیکیورٹی فورسز گاڑیوں کی سخت جانچ پڑتال کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گردانہ کارروائی کو روکا جا سکے۔
یو این آئی، ارشید بٹ