سری نگر، سکیورٹی فورسز نے ایک آپریشن کے دوران شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے مژھل علاقے میں دہشت گردوں کی ایک کمیں گاہ کا پردہ فاش کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ایک مخصوص انٹلی جنس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مژھل کیمپ کے سپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) اور فوج کے12سکھ لائی یونٹ کی ایک مشترکہ ٹیم نے سدوری بالہ مشتاق آباد مژھل کے سمشا بہک جنگل علاقے جو پولیس اسٹیشن کپوارہ اور پولیس پوسٹ مژھل کے حد اختیار میں آتا ہے، میں ایک مشترکہ آپریشن شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی ایک کمیں گاہ کا پتہ لگا کر اس کو تباہ کر دیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ کمیں گاہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا گیا جس میں 5 اے کے 47 رائفل، 8 اے کے 47 میگزین، 1 پستول، 1 پستول میگزین، 660 اے کے 47 گولیاں، 1 پستول رائونڈ، ایم 4 کے 50 رائونڈ شامل ہیں۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ یہ بازیابی ایک بڑی کامیابی ہے، خاص طور پر ان اشارے کے پیش نظر کہ دہشت گرد سرگرمیاں انجام دینے کی تیاری کر رہے تھے جس کا مقصد خطے میں امن و امان کو خراب کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے اس طرح کے مذموم عزائم کو ایک بڑا دھچکا لگا دیا ہے اور شہریوں کی زندگیوں اور عوامی تحفظ کو لاحق ممکنہ خطرات کو ٹال دیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ آپریشن ایک بار پھر امن کے قیام اور ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے سکیورٹی فورسز کے پختہ عزم اور قریبی ہم آہنگی کی نشاندہی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یو این آئی ایم افضل