ہم جموں و کشمیر کے لوگ خطرے میں ہیں،میڈیا کے کردارپرتاریگامی کاسوال

سیکورٹی نظام پر کنٹرول رکھنے والے ذمہ دار ان کو ایوان میں کیوں نہیں بلایاگیا
میرے سوال کاجواب کون دے گا،میں کس سے سوال کروں
سری نگر:جے کے این ایس : جموں و کشمیر اسمبلی کا خصوصی اجلاس جموں میں جاری ہے، جسے پہلگام دہشت گرد حملے کے پس منظر میں طلب کیا گیا تھا۔ اجلاس کے دوران نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے ایک قرارداد پیش کی جس میں حملے کی مذمت کی گئی اور متاثرہ کنبوں کےساتھ ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔جے کے این ایس کے مطابق خصوصی اجلاس کے دوران رکن اسمبلی محمدیوسف تاریگامی نے جموں وکشمیرمیں موجودہ سیکورٹی صورتحال پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔ تاریگامی نے سوال اٹھایا کہ سیکورٹی نظام پر کنٹرول رکھنے والے ذمہ دار افراد کو ایوان میں کیوں نہیں بلایا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ایوان تو طلب کیا گیا لیکن انہیں نہیں بلایا جن کے ہاتھوں میں جموں و کشمیر کی سیکورٹی کا کنٹرول ہے، جیسا کہ انہوں نے سوالیہ اندازمیںکہاکہ آج میرے سوال کا جواب دینے والا کوئی ہے؟ میں کس سے سوال کروں؟۔ممبراسمبلی محمدیوسف تاریگامی نے میڈیا کے کردار پر بھی تنقید کی اور کہا کہ عوامی گفتگو کا رُخ جلد ہی مذہبی تنازعات کی طرف موڑ دیا جاتا ہے جبکہ اصل توجہ عوام کی حفاظت پر ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ یہ مسئلہ مذہب کا نہیں ہے۔ اصل خطرہ ہندوستان میں بسنے والے عام شہریوں کو ہے۔

ہم جموں و کشمیر کے لوگ خطرے میں ہیں۔ممبراسمبلی محمدیوسف تاریگامی نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال کو سنجیدگی سے لینے اور عوام کے خدشات کو دور کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ کیا میری یہ چھوٹی سی آواز دہلی تک پہنچے گی؟ اب بھی وقت ہے کہ سنجیدگی سے اس پر غور کیا جائے۔ممبراسمبلی محمدیوسف تاریگامی نے کہاکہ جموں و کشمیر کے لوگ اور ان کے نمائندوں کو مفاہمت اور فیصلے کے عمل میں شامل کیا جانا چاہیے۔ محمدیوسف تاریگامی نے خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر اصلاحی اقدامات نہیں کئے گئے تو جو عناصر ہمارے لوگوں کی زندگیاں چھین رہے ہیں وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہو جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں