میر واعظ کی لوگوں سے کشمیریوں پراعتماد کرنے اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کی اپیل

سری نگر، میر واعظ عمر فاروق نے ہندوستان کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ’نفرت اور میڈیا کے پروپیگنڈے‘ کا شکار نہ ہوں جس سے کشمیریوں میں عدم اعتماد پیدا ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا ’اس کے بجائے ملک کے لوگوں کو چاہئے کہ وہ کشمیریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں جیسا کہ کشمیریوں نے ہمیشہ بحران کے وقت تمام سیاحوں کے ساتھ کیا ہے۔‘

میر واعظ نے ان باتوں کا اظہار بدھ کو ایکس پر اپنے ایک طویل پوسٹ میں ان رپورٹس کے رد عمل میں کیا جن میں کہا گیا کہ گذشتہ ہفتے دو کشمیری شال فروشوں پر ہوئے مبینہ حملے کے بعد 16 کشمیری شال فروش مسوری کو چھوڑ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا ’ مسوری میں کشمیری شال فروشوں پر جسمانی اور زبانی حملہ، جنہیں پولیس نے اپنی حفاظت کی ضمانت دینے سے انکار کرنے پر بھاگنا پڑا، انتہائی پریشان کن ہے۔‘

ان کا کہنا ہے ’ بڑے پیمانے پر نظربندیوں، گھروں کو مسمار کرنے اور کشمیر کے اندر کریک ڈاؤن کے بعد، جموں و کشمیر سے باہر عام شہریوں، طلباء اور چھوٹے تاجروں پر حملے کیے جا رہے ہیں اور انہیں واپس جانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔‘

میر واعظ نے کہا ’کئی دہائیوں سے ہر قسم کے تشدد اور مصائب بر داشت کرنے کے بعد بھی کشمیریوں نے پہلگام قتل عام پر دل کی گہرائیوں سے مذمت کی اور متاثرین کے ساتھ والہانہ ہمدردی کا اظہار کیا،پھر بھی ان کی بے عزتی کی جاتی ہے اور انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے‘۔

انہوں نے کہا ’ میں ہندوستان کے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ نفرت اور میڈیا کے پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں جس سے کشمیریوں میں عدم اعتماد پیدا ہو رہا ہے اور بدلے میں ان کی حفاظت کو یقینی بنائیں جیسا کہ انہوں نے (کشمیریوں) ہمیشہ بحران کے وقت تمام سیاحوں کے ساتھ کیا ہے۔‘

پوسٹ میں انہوں نے کہا ’ جموں و کشمیر کے اندر اور باہر اُن کو جو اجتماعی سزا دی جا رہی ہے وہ غیر منصفانہ اور غیر انسانی ہے۔‘

یو این آئی۔ ایم افضل۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں