لائن آف کنٹرول پر گولہ باری سے خوف وہراس، فوج ہائی الرٹ پر

سری نگر،لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پربدھ کے روز ایک بار پھر گولہ باری کی گونج سنائی دی، جس کی وجہ سے سرحدی علاقوں میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی ہے۔

جموں وکشمیر کے سرحدی علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے گولہ باری کا سلسلہ لگاتار جاری ہے جس کے نتیجے میں ایل او سی کے نزدیک رہائش پذیر لوگوں میں خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ ایل او سی کے نزدیک زیر زمین بنکروں کی صفائی اور کھڑی فصلیں سمیٹنے کا عمل تیزی سے شروع کر دیا گیا ہے۔ مقامی دیہاتیوں نے بتایا کہ وہ حالات کو بھانپتے ہوئے گلہ ذخیرہ کرنے اور ضروری سامان کی تیاری میں مصروف ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کے وقت بنکروں میں پناہ لی جا سکے۔

ایک مقامی شہری نے بتایا:’ہمیں یاد نہیں کہ آخری بار کب اتنی شدید فائرنگ ہوئی تھی، لیکن اب ہم ہر وقت چوکس ہیں۔ بچے، خواتین اور بزرگ سب خوف میں ہیں۔‘

سرحدی ضلع کپواڑہ اور پونچھ کے کئی علاقوں میں رہائش پذیر شہریوں نے یو این آئی کو بتایا کہ انہوں نے اپنے زیر زمین بنکروں کی مرمت، صفائی اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کا کام شروع کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری طور پر ان کا استعمال ممکن ہو سکے۔

پہلگام میں حالیہ دہشت گردانہ حملے اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے کئی مقامات پر پاکستان کی جانب سے فائرنگ کے بعد جموں و کشمیر میں سلامتی کے حالات مزید سخت ہو گئے ہیں۔ دفاعی ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول پر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور فوج کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ایل او سی کے تمام حساس سیکٹرز میں اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں جبکہ سرحدی پوسٹوں پر گشت بڑھا دیا گیا ہے۔ فوجی کیمپوں میں تیاری کی سطح بلند کر دی گئی ہے اور انٹیلی جنس بنیادوں پر نگرانی کا دائرہ مزید وسیع کیا گیا ہے۔

دفاعی ذرائع نے بتایا:’ہم کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

پہلگام جیسے بزدلانہ حملے ہمیں اور زیادہ چوکنا بنا دیتے ہیں۔ سرحد پر ہماری چوکیوں کو مضبوط کیا جا رہا ہے اور دشمن کی ہر حرکت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔‘

خیال رہے کہ پہلگام کے بیسرن علاقے میں 22 اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے میں 26 افراد جان بحق ہوئے تھے، جس کے بعد پوری وادی میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

یو این آئی- ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں