سری نگر، جموں و کشمیر اسٹیٹ بورڈ آف اسکول ایجوکیشن (بی او ایس ای) نے بدھ کے روز بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا جس میں 75 فیصد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے اور ایک بار پھر طالبات نے بازی مار کر پہلی پوزیشنوں پر قبضہ جما لیا ہے۔
بورڈ کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ان بورڈ امتحانات میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 3 ہزار 3 سو 8 امید وار شامل ہوئے تھے جن میں سے 77 ہزار3 سو 11 امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس امتحان میں کامیاب ہونے والے لڑکوں کی شرح 72 فیصد جبکہ لڑکیوں کی شرح 78 فیصد رہی۔
بورڈ کے مطابق اس امتحان میں 51 ہزار5 سو 91 لڑکیاں شامل ہوئی تھیں جن میں سے 40 ہزار 97 نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ 51 ہزار 7 سو 17 لڑکوں نے اس امتحان میں حصہ لیا تھا جن میں سے 37 ہزار 2 سو 14 لڑکے کامیاب قرار پائے ہیں۔
چاروں فیکلٹیز، سائنس، کامرس، آرٹس اور ہوم سائنس میں پہلی پوزیشنوں پر طالبات نے قبضہ جمالیا ہے۔
سائنس فیکلٹی میں پہلی پوزیشن ایس پی ہائر سکنڈری اسکول ایکسچینج روڈ جموں کی آنچل پری ہار نے حاصل کی ہے جنہوں نے 500 میں سے 495 نمبرات (99 فیصد) حاصل کئے ہیں۔
کامرس فیکلٹی میں پہلی پوزیشن کشمیر ہارورڈ ہائر سکنڈری اسکول حبک نسیم باغ سری نگر کی ادیبہ نے 500 میں سے 495 نمبرات (99 فیصد) حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
آرٹس فیکلٹی میں گرین ویلی ایجوکشنل انسٹی ٹیوٹ الٰہی باغ سری نگر کی عریضہ جاوید نے 500 میں سے 496 نمبرات (99.2 فیصد) حاصل کرکے پہلی پوزیشن پر اپنا قبضہ جمالیا ہے۔
ہوم سائنس فیکلٹی میں گورنمنٹ گرلز یائر سکنڈری اسکول کوٹھی باغ سری نگر کی شبرا نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے جنہوں نے 500 میں سے 485 (97 فیصد) نمبرات حاصل کئے ہیں۔
اس بورڈ امتحان میں 36 ہزار 3 سو 11 طلبا (زائد از 60 فیصد) نے فرسٹ ڈویژن جبکہ 10 ہزار 3 سو 4 طلبا (زائد از 48 فیصد) نے سکینڈ ڈویژن حاصل کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سال گذشتہ حکومت نے جموں وکشمیر میں یکساں تعلیمی کلینڈر کو تبدیل کر دیا تھا اور یہاں نومبر – دسمبر سیشن بحال کر دیا تھا۔
یو این آئی ایم افضل