وزیراعظم مودی نے آرمی چیف سے ملاقات
تازہ اندرونی اور سرحدی صورتحال نیزآئندہ لائحہ عمل پر اہم تبادلہ خیال
سری نگر: جے کے این ایس : پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعدپیداشدہ صورتحال اورآئندہ کے لائحہ عمل پر مرکزی راجدھانی نئی دہلی میں اعلیٰ سطحی تبادلہ خیال اور مشاورت جاری ہے ۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق 22اپریل کو ہونے والے بدترین حملے ،جس میں 25سیاح اور ایک مقامی ٹٹو والا جاں بحق ہوگیا،کے بعد سے وزیراعظم مودی ذاتی طور پر پوری صورتحال پر نظررکھے ہوئے ہیں ،اور انہوںنے موجودہ صورتحال ،فوری انسدادی اقدامات اور آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے سینئر مرکزی وزراءکیساتھ ساتھ فوج کی تینوں شاخوں کے سربراہان اور مختلف سراغ رساں ایجنسیوں کے اعلیٰ افسران کیساتھ صلاح مشورہ جاری رکھاہے۔بدھ کو کابینہ کی سلامتی ،سیاسی اور اقتصادی امورات سے متعلق کمیٹیوںکی میٹنگ کی صدارت کے بعد تازہ ترین پیش رفت میں، وزیر اعظم نریندر مودی نے آرمی چیف جنرل اوپیندر دیویدی کے ساتھ ملاقات کی۔
میڈیارپورٹس کے مطابق وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول نے بھی اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں شرکت کی۔رپورٹس کے مطابق یہ میٹنگ وزیر اعظم کی طرف سے گزشتہ ہفتے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد سیکورٹی سربراہان کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کے سلسلے کا حصہ تھی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹنگ کے دوران وزیراعظم نے آرمی چیف سے جموں وکشمیرکی اندروانی صورتحال کیساتھ ساتھ لائن آف کنٹرول اور بین الااقوامی صورتحال کے بارے میں بھی تازہ جانکاری حاصل کی۔اسے قبل منگل کو وزیر اعظم مودی کی صدارت میں ہونے والی میٹنگ میں آرمی چیف جنرل اپیندر دویدی، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی اور ایئر چیف مارشل امر پریت سنگھ نے شرکت کی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ میٹنگ وزیر اعظم کی طرف سے گزشتہ ہفتے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد سیکورٹی سربراہان کےساتھ ہونے والی ملاقاتوں کے سلسلے کا حصہ تھی۔ رپورٹس کے مطابق ہندوستان نے منگل کو ہاٹ لائن پر ہندوستانی اور پاکستانی ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز (DGMOs) کی میٹنگ کے دوران پاکستان کو جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کے خلاف بھی خبردار کیا تھا۔اس سے پہلے، 29 اپریل کو وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان، اور تینوں فوجی سربراہوں نے شرکت کی۔ قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
یہ میٹنگ 23 اپریل کو پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد کابینہ کمیٹی برائے سیکورٹی کی میٹنگ کے چند دن بعد ہوئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم مودی نے اس بات کی تصدیق کی کہ دہشت گردی کو ایک کاری ضرب لگانے کے لیے ہندوستان کا قومی عزم ہے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم مودی نے ہندوستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد اور اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم مودی نے کہا کہ ہندوستانی مسلح افواج کو ہندوستان کے ردعمل کے موڈ، اہداف اور وقت کے بارے میں فیصلہ کرنے کی مکمل آپریشنل آزادی ہے۔