اے سی بی نے رامبن میں پٹواری کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا

جموں، جموں و کشمیر انسداد بدعنوانی بیورو نے ضلع رامبن میں تعینات ایک پٹواری مزمل سلام کو 2500 روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی تحصیل اوکھرال کے ایک شہری کی شکایت پر انجام دی گئی، جس نے محکمہ مال کے ریکارڈ میں والد کے نام کی اصلاح کے لیے درخواست دی تھی۔

شکایت کنندہ کے مطابق، تحصیلدار اوکھرال نے متعلقہ معاملہ پٹواری مزمل سلام کو سونپا تھا، جو پٹواری حلقہ پوگل پریستان، رامبن میں تعینات ہے۔ تاہم پٹواری نے ضروری تبدیلی کرنے کے لیے پہلے 20 ہزار روپے رشوت طلب کی، جو بعد ازاں گفت و شنید کے بعد 2500 روپے پر طے ہوئی۔

شکایت کنندہ نے رشوت دینے سے انکار کرتے ہوئے انسداد بدعنوانی بیورو سے رابطہ کیا اور قانونی کارروائی کی درخواست کی۔ بیورو نے ابتدائی جانچ کے بعد پٹواری کی جانب سے رشوت طلبی کی تصدیق کی اور اس کے خلاف انسداد بدعنوانی ایکٹ 1988 (ترمیم شدہ 2018) کی دفعہ 7 کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی۔

اے سی بی نے ایک جال بچھایا جس دوران پٹواری کو سائل سے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچا گیا۔

یہ گرفتاری آزاد گواہوں کی موجودگی میں عمل میں آئی، اور رشوت کی رقم بھی موقع پر ہی برآمد کر لی گئی۔ ملزم کو قانونی ضابطے کے تحت موقع پر ہی حراست میں لیا گیا۔

انسداد بدعنوانی بیورو کے مطابق معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

یو این آئی- ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں