سری نگر، سالانہ شری امرناتھ یاترا کی مذہبی رسومات کا باضابطہ آغاز جمعرات کو اُس وقت ہوا جب چھڑی مبارک کو وادی کی روحانی فضاؤں میں مقدس منتر گونجتے ہوئے پہلگام لے جایا گیا۔ یہ مقدس چھڑی، جو بھگوان شیو کی علامت سمجھی جاتی ہے، سری نگر سے سوامی مہنت دیپیندرا گیری کی قیادت میں سادھوؤں کے ایک کارواں کے ساتھ روانہ کی گئی۔
پہلگام پہنچنے کے بعد گوری شنکر مندر میں روایتی انداز میں بھومی پوجن کی مقدس رسم ادا کی گئی، جس میں متعدد عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ مذہبی عقیدت، ویدی منتر اور روحانیت سے لبریز اس تقریب نے یاترا کے روایتی سلسلے کو ایک بار پھر زندہ کر دیا۔
چھڑی مبارک اب اپنے مخصوص مذہبی شیڈول کے مطابق مختلف مقامات سے گزرتی ہوئی شری امرناتھ جی کی گپھا کی جانب رواں دواں رہے گی۔
یہ روایت نہ صرف ہندو عقیدت مندوں کے لیے انتہائی مقدس ہے بلکہ وادی کشمیر کی بین المذاہب ہم آہنگی اور تہذیبی وراثت کا بھی جیتا جاگتا مظہر ہے۔
حکام کے مطابق یاترا کے دوران سیکورٹی اور سہولیات کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ زائرین بلاخوف و خطر اپناروحانی سفر مکمل کر سکیں۔
یو این آئی- ارشید بٹ








