مشاورت کے بعد اسکول کے اوقات کار میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا: وزیر تعلیم

سری نگر، جموں و کشمیر کی وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے ہفتہ کے روز کہا ہے کہ وادی میں اسکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کا فیصلہ تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔

سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران سکینہ ایتو نے کہا کہ حکومت نے اسکول ٹائمنگ میں تبدیلی سے متعلق محکمہ تعلیم کے دونوں خطوں کے ڈائریکٹرز اور سکریٹری سے تجاویز اور آراء طلب کی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ موسمی حالات میں تبدیلی اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی سفارشات کو مدِنظر رکھتے ہوئے اسکول کے نئے اوقات مقرر کیے گئے ہیں۔

وزیر تعلیم نے ان قیاس آرائیوں کو بھی مسترد کر دیا جن میں کہا جا رہا تھا کہ گرمائی تعطیلات میں توسیع کی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا، ’حال ہی میں کئی دنوں تک اسکول بند رہے تھے، اگر گرمیوں کی چھٹیوں میں مزید توسیع کی جاتی تو نصاب مکمل کرنا مشکل ہو جاتا۔ اس لیے تعطیلات میں اضافہ ممکن نہیں تھا۔‘

واضح رہے کہ محکمہ تعلیم نے موسم میں بہتری کے پیش نظر اسکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی لائی ہے۔

حکم نامے کے مطابق، یہ ترمیم شدہ اوقات تمام سرکاری اور منظور شدہ نجی اسکولوں پر یکساں طور پر لاگو ہوں گے۔

ناظم تعلیم کے مطابق شہری و میونسپل حدود میں واقع اسکولوں کے لیے اسکولوں کے اوقات کار صبح 8:30 بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک مقرر کئے گئے ہیں جبکہ دیہی اور میونسپل حدود سے باہر واقع اسکولوں میں تدریسی اوقات صبح 9:00 بجے سے شام 3:00 بجے تک ہوں گے۔

یو این آئی-ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں