جموں، ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ سوندر دچھن میں منگل کے روز ایک دلخراش سڑک حادثے میں تین نوجوان جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک جے سی بی گاڑی پہاڑی راستے سے گزر رہی تھی اور نامعلوم وجوہات کی بنا پر گہری کھائی میں جا گری۔
ذرائع کے مطابق، حادثہ اچانک پیش آیا اور جے سی بی میں سوار تینوں افراد کی موت موقع پر ہی واقع ہوئی۔ مہلوکین کی شناخت نذیر حسین ولد سیئے، ساکن ختاسوں بھلیسہ، اسحاق ولد فروزالدین، ساکن ختاسوں بھلیسہ اورمجید ولد نامعلوم، ساکن بھلیسہ کے طورپر کی گئی ہے۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ کسی فنی خرابی یا انسانی غلطی کا نتیجہ ہو سکتا ہے، تاہم مکمل حقائق تفتیش کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔
حادثے کے بعد علاقہ میں کہرام مچ گیا اور جاں بحق نوجوانوں کے اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔ مقامی افراد نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں کی بہتری اور پہاڑی علاقوں میں حفاظتی انتظامات کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے تاکہ ایسے دل دہلا دینے والے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔
یو این آئی- ارشید بٹ








