کٹھوعہ میں مشتبہ نقل و حرکت کے بعد تلاشی آپریشن شروع

جموں، جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے راج باغ علاقے میں تین مشتبہ افراد کی نقل و حرکت دیکھے جانے کے بعد منگل کی صبح سیکیورٹی فورسز نے ایک وسیع تلاشی مہم شروع کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق پیر کی رات ایک مقامی خاتون نے راج باغ کے قریب تین مشتبہ افراد کو گھومتے ہوئے دیکھا، جس کے بعد فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی فوج، جموں و کشمیر پولیس اور اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) کی مشترکہ ٹیموں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی کارروائی شروع کی۔

حکام نے بتایا کہ تلاشی مہم کے دوران اُجھ ندی کے اردگرد کے علاقوں پر خاص طور پر توجہ دی جا رہی ہے، کیونکہ یہ علاقہ سرحد پار سے دراندازی کے لیے ایک اہم راستہ سمجھا جاتا ہے۔

اس دوران جموں-پٹھان کوٹ قومی شاہراہ پر بھی چوکسی بڑھا دی گئی ہے، اور مسافروں کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ سیکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری کو علاقے میں تعینات کر کے ناکہ بندی بھی کی گئی ہے۔

انتظامیہ نے مقامی لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چوکنا رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس تھانے کو دیں۔

یو این آئی-ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں