حاجی عبدالاحد ترمبوکی رحلت پرگیلانی اورصحرائی کااظہار رنج و غم

خبراردو: حریت کانفرنس (گ) چیرمین سید علی گیلانی اور تحریک حریت چیرمین محمد اشرف صحرائی نے معروف تاجر اور سماجی کارکن حاجی عبدالاحد ترمبو کی رحلت پر اپنے رنج و غم کا اظہارکیا

حریت کانفرنس (گ) چیرمین سید علی گیلانی نے وادی کے مشہور ومعروف تاجر اور سماجی کارکن حاجی عبدالاحد ترمبو کی وفات پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موصوف آسودہ حال اور کئی اہم تجارتی اداروں کے مالک ہونے کے باوجود ایک شریف النفس اور انسانی ہمدردی کا مجسمہ تھے۔

گیلانی نے کہا کہ میرے اُن کے ساتھ قریبی تعلقات رہے ہیں۔ سوپور میں ذمہ داریوں کے حوالے سے اُن کے ساتھ اکثر رابطہ ہوتا رہتا تھا۔ انہوں نے مرحوم کی ملنساری اور خندہ پیشانی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ عدیم الفرصت ہونے کے باوجود جب بھی ہم اُن کی دوکان سے گزرتے تھے تو وہ ہماری ملاقات کے لیے وقت ضرور نکالا کرتے تھے۔ گیلانی نے ترمبو برادری اور اُن کے خاندان کے ساتھ اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العالمین مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق بخشے۔

ادھر تحریک حریت چیرمین محمد اشرف صحرائی نے بھی سوپور کے معروف تاجر اور سماجی شخصیت حاجی عبدالاحد ترمبو کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔صحرائی نے کہا کہ مرحوم حاجی عبدالاحد ترمبو معروف تاجر ہونے کے ساتھ ساتھ مستحقین کی مدد کرنے میں پیش پیش رہتے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعا لیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کی کمیوں اور کوتاہیوں کو درگزر فرماکر اُن کے حسنات کو قبول فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں