خبراردو: وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ڈوگری نیوز بلیٹن کا افتتاح کیا جو ہر شام 6 بجکر 15 منٹ پر ڈی ڈی کاشر سے ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا.
ایس کے آئی سی سی میں ایک تقریب کے دوران انہوں نے اپنے خطاب میں علاقائی زبانوں کو فروغ دینے پر زور دیا ۔اس موقعہ پر ریاستی گورنر اور مرکزی وزیر پرکاش جاویڈکر بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ سیٹ لائیٹ میڈیم پر ڈوگری نیوز بلٹین کی شروعات سے پوری دُنیا تک اس زبان کو فروغ دینے میں معان ثابت ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس چینل پر کشمیری ، ڈوگری اور لداخی زبانوں کی نشریات سے ریاست کے تمدن اور لٹریچر کو فروغ حاصل ہو گا ۔
جتیندر سنگھ نے کہاکہ ڈوگری زبان میں نیوز بلیٹن کی نشریات دیرینہ مطالبہ تھا اور وہ اس سلسلے میں وزارت اطلاعات و نشریات کاشکریہ اد کرتے ہیں جنہوں نے اس مانگ کو پورا کرنے کا اقدام کیا ۔ انہوں نے کہاکہ اس اقدام سے دوردرشن میں ڈوگری زبان میں نشریات کو مناسب وقت ملے گا۔
انہوں نے کہاکہ کسی بھی زبان کی دو خصوصیات ہوتی ہیں ، ایک تو اس زبان کا بولا جانا اور دوسرے اس کے ادب کا معیار ۔انہوں نے کہاکہ ڈوگری زبان میں کئی مایہ ناز ادیب ہیں جنہوں نے اس زبان کی ترویج و اشاعت میں اہم رول ادا کیاہے ۔
انہوں نے کہاکہ دوردرشن سیٹلائٹ چینل میں ڈوگری ، کشمیری اور لداخی زبانوں کی نشریات سے ریاست کے مخلوط کلچر کی مضبوطی ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ ڈوگری پیار کی زبان ہے ۔