شوپیان جھڑپ میں چار عسکریت پسند جاں بحق

خبراردو :
ضلع شوپیاں کے درمڈورہ کیگام میں اتوار کی علی الصبح ہونے والے ایک تصادم میں 4 عسکریت پسند جاں بحق ہو گئے۔ کشمیر زون پولس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’’شوپیاں انکوانٹر اپڈیٹ۔ چار ملی ٹینٹ مارے گئے۔ اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ شناخت اور تنظیمی وابستگی معلوم کی جا رہی ہے۔‘‘ سیکورٹی اہلکار کی طرف سے درمڈورہ کیگام میں محاصرہ کرنے کے بعد تلاشی مہم چلانے کے بعد تصادم کی شروعات ہوئی۔

میڈیا رپورٹوں میں ذرائع کے حوالہ سے کہا گیا ہے کہ ’’سیکورٹی فورسز کا آپریشن باغ والے علاقہ میں چلایا جا رہا تھا۔ جونہی سیکورٹی اہلکار نے وہاں چھپے ہوئےعسکریت پسند کا چہار سو سے محاصرہ کیا تو انہوں نے گولی باری شروع کر دی، اس کے بعد دونوں طرف سے گولیوں کا تبادلہ شروع ہو گیا۔‘‘

وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے ایک بیان میں کہا کہ ’’شوپیاں ضلع کے درمڈورہ گاؤں میں چار ملی ٹینٹ مارے گئے ہیں۔ ان کے قبضے سے ہتھیار اور دیگر ساز و سامان برآمد ہوئے ہیں۔‘‘ آپریشن ختم ہو گیا اور ہلاک ہونے والے ملی ٹینٹوں کی شناخت اور ان کی ملی ٹینٹ تنظیم کے بارے میں پتہ لگایا جا رہا ہے۔

دریں اثنا انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر ضلع شوپیاں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کردی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں