درگاہ حضرت بل کے متولی غلام حسن بانڈے کے انتقال پر این سی کا اظہار تعزیت

خبراردو:

صدرجموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ ( ایم پی ) نے وادی کی معروف دینی شخصیت ، سجادہ نشین و متولی درگاہ حضرت بل ( مدینہ ثانی ) الحاج غلام حسن صاحب بانڈے کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہارکیا ہے اور اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگواراں خصوصاًاہل خانہ اور مرحوم کے برادران خاص کر موجودہ سجادہ نشین اور متولی الحاج غلام محی الدین بانڈے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔

انہوں نے درگاہ حضرت بل کے جملہ خدا مان ، منصب داران کے ساتھ بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ ڈاکٹر عبداللہ نے بارگاہ الہیٰ میں سر بہ سجود ہو کر مرحوم کے جنت نشینی اور بلند درجات کے لئے دعا کی اور اللہ تعالیٰ سے دعا مانگی کہ مرحوم کے جملہ اولادان و لواحقین کویہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی توفیق عطاکرے اور پسماندگان کو صبرجمیل عطا کرے ۔ مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ مرحوم غلام حسن بانڈے نے اپنی زندگی کا بشتر حصہ موئے مبارک آنحضور (حضرت بل )کی نشان دہی میں انجام دی اور عاشقان رسول کے دلوں کو درود سلام بحضورسے فیضیاب کرتے تھے یاد رہے مرحوم غلام حسن صاحب اپنے والد بزرگوار الحاج عبدالرحیم صاحب بانڈے کے فرزند اکبر تھے جن کے ساتھ ملک کشمیر کے عاشقان رسول کو بڑی عقیدت اور احترام تھا اور جنہوں نے حصول موئے مبارک آنحضور کی تحریک میں ایک اہم رول ادا کیا ۔

پارٹی کے نائب صدر جناب عمر عبداللہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحوم غلام حسن بانڈے کو اللہ نے خدا داد ملی اوصاف ، خوش اخلاق عطا کئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی رحلت سے ایک بڑا خلا پیدا ہوا تھا جس کو پُر کرنا ممکن ہے ۔ اللہ مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت عطا کرے ۔

پارٹی کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر ، معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال ،صوبائی صدر ناصر اسلم وانی کے ساتھ ساتھ سینئر لیڈران میاں الطاف احمد ، شریف الدین شارق ، عبدالرحیم راتھر ، محمد شفیع اوڈی ، چودھری محمد رمضان ،محمد سعید آخون،مبارک گل ، پیر آفاق احمد، تنویر صادق نے بھی مرحوم کے انتقال پر اپنے تعزیت کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں