بجبہارہ میں عسکریت پسند زخمی حالت میں گرفتار

خبراردو:

جنوبی کشمیر کے بجبہارہ علاقے کے سرہامہ نامی گائوں میں جمعرات کی صبح ایک جنگجو کوزخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ۔یہ وہی علاقہ ہے جہاں گذشتہ شام ایک جنگجو کی لاش پُر اسرار حالت میں پائی گئی تھی۔

اطلاعات کے مطابق عارف حسین بٹ ساکنہ فتحپورہ، بجبہارہ نامی جنگجوکی ٹانگ پر ایک گولی لگی تھی اور اُسے زخمی حالت میں گرفتار کیاگیا ہے۔

اس سے قبل فورسز نے اسی علاقے میں پُر اسرار حالت میں ایک جنگجو کی لاش بر آمد کی جس کی شناخت عادل رحمان داس ساکنہ واگہامہ، بجبہارہ کے طور کی گئی۔

عادل کی ہلاکت کے بارے میں کئی باتیں کہی جارہی ہیں۔

بعض اطلاعات کے مطابق وہ لشکر طیبہ سے وابستہ جنگجوئوںکے ساتھ گروہی تصادم میں مارا گیا ہے جبکہ کئی اطلاعات میں بتایا جارہا ہے کہ وہ فورسز کی طرف سے بٹھائے گئے ناکے میں مارا گیا ۔

عادل نے گذشتہ برس لشکر میں شمولیت اختیار کی تھی جس کے بعد اُس نے آئی ایس جے کے، نامی تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔

پولیس ذرائع کے مطابق لشکر کا ہتھیار اب بھی عادل کے پاس ہی تھا جس کو لیکر لشکر اور آئی ایس ، کے مابین تنازع چل رہا تھا ۔مذکورہ پولیس ذرائع کے مطابق اسی تنازعے میں آخر کار عادل ہلاک ہوگیا۔

سرہامہ میںمقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے گذشتہ رات گولیاں چلنے کی تین آوازیں سنیں جس کے بعد مکمل خاموشی چھاگئی۔

بعد ازاں اسی علاقے سے عادل کی لاش بر آمد ہوئی اور آج صبح عارف کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں