اداکارہ زائرہ وسیم کے فلمی دنیا چھوڑنے کے فیصلے پرعمر عبداللہ اور شاہ فیصل کہی یہ بات

خبراردو:نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ اور جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ کے صدر شاہ فیصل نے کہا کہ ہمیں زائرہ وسیم کے فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔

نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ اور جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ کے صدر شاہ فیصل نے کہا کہ ہمیں زائرہ وسیم کے فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔ قابل ذکر ہے کہ سری نگر سے تعلق رکھنے والی بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ زائرہ وسیم نے فلمی دنیا کو الوداع کہہ دیا ہے۔ 2015 میں معروف فلم اداکار عامر خان کی بلاک بسٹر فلم ‘دنگل’ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والی زائرہ وسیم کا کہنا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں ایمان اور برکت کھو رہی تھیں اور اس کا اپنے مذہب کے ساتھ رشتہ خطرے میں پڑ گیا تھا۔

عمر عبداللہ نے زائرہ وسیم کے فیصلے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘ہم کون ہوتے ہیں زائرہ وسیم کے فیصلے پر سوال اٹھانے والے؟ ان کی اپنی زندگی ہے، انہیں جو اچھا لگا انہوں نے وہی کیا۔ میں زائرہ وسیم کے لئے دعاگو ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ مستقبل میں جو بھی کام کریں گی وہ اس سے خوش ہوں گی’۔

وہیں پیپلز موومنٹ کے صدر و سابق آئی اے ایس افسر شاہ فیصل نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا: ‘میں نے ہمیشہ زائرہ وسیم کے اداکارہ ہونے کے فیصلے کا احترام کیا ۔ مجھے لگتا ہے کہ اتنی کم عمر میں کسی دوسرے کشمیری نے اتنی کامیابی اور شہرت حاصل نہیں کی تھی۔ آج جب اس نے بالی ووڈ کو الوداع کہا، اس فیصلے کا احترام کرنے کے سوا میرے پاس کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔ میری دعا ہے کہ وہ خوب ترقی کریں’۔

خیال رہے کہ اٹھارہ سالہ زائرہ وسیم جنہوں نے اپنے مختصر فلمی کیریئر کے دوران تین بالی وڈ فلموں دنگل، سیکرٹ سوپر سٹار اور دی سکائی از پنک میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، نے فلمی کیریئر سے سنیاس لینے کا اعلان اپنے تمام سوشل میڈیا کھاتوں پر اپنی ایک طویل تحریر میں کیا ہے۔

زائرہ وسیم نے اپنے فیصلے کو صحیح ثابت کرنے کے لئے قرآن کی متعدد آیات، پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم و خلیفہ دوم حضرت عمر بن خطاب کے اقوال کا سہارا لیا ہے۔ زائرہ وسیم جو اب تک بالی وڈ کے متعدد بڑے ایوارڈ جیسے فلم فیئر اور نیشنل فلم ایوارڈ حاصل کرچکی ہیں، کے بالی ووڈ سے سنیاس لینے کے اچانک فیصلے نے سوشل میڈیا پر تبصرہ بازی کا طوفان کھڑا کردیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں