بی جے پی لیڈروں کا ہر ایک بیان کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف۔۔۔۔انجینئر رشید

خبراردو:اے آئی پی سربراہ انجینئر رشید نے اپنے اس عظم کو پھر دہرایا ہے کہ اے آپی کشمیریوں کے جائز حقوق کی ترجمانی خلوص کی بنیاد پر ہر دم کرتی رہے گی۔

آج ٹنگمرگ، سنگرامہ اور بارہمولہ حلقہ انتخابات کے مختلف دیہات کے دورے کے دوران لوگوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے انجینئر رشید نے بی جے پی کی قیات کو خبردار کیا کہ وہ تاریخ کا چہرہ مسخ کرنیکی اپنی ناپاک روشوں سے باز آجائے۔ دلنہ بارہمولہ میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا ”یہ بات انتہائی قابل مذمت ہے کہ بی جے پی طاقت کے نشے اور بھکاؤ قومی میڈیا کے بل پر کشمیریوں کی آواز کو غلط رنگت دیکر ہندوستانی عوام کو بھڑکا رہی ہے اور گمراہ کر رہی ہے۔

پارٹی لیڈران سے لیکر مرکزی وازراء تک اور ریاستی گورنر سے لیکر مقامی سرکاری عہدیداران تک کا ایک ایک لفظ اہل کشمیر کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔اہل کشمیر ہندوستان کے ہر گز دشمن نہیں لیکن انہیں پاکستانی ایجنٹ کہہ کر ان کی جائز آواز کو دبانا انصاف کا قتل کرنے کے مترادف ہے“۔ انجینئر رشید نے این سی اور پی ڈی پی لیڈرشپ پر الزام عائد کیا کہ نہ تو انہوں نے خود کبھی کشمیریوں کے جائز جذبات کی ترجمانی کی اور نہ ہی دوسروں کا حق بات کہنا ان جماعتوں کو گوارا ہے۔ انجینئر رشید نے کہا ”یہ کس قدر بد نصیبی کی بات ہے کہ جب کوئی این یا پی ڈی پی قیادت سے ان کی فحش غلطیوں کا حساب مانگتا ہے تو یہ جماعتیں نہ صرف اپنے مد مقابل کو ایجنٹ کہتی ہیں بلکہ ان کے خلاف ہر کہنے والے ہر لفظ کو سازش سے تعبیر کرکے حقائق سے فرار کا راستہ اختیار کرتی ہیں.

دوسروں پر کیچڑ اچھالنے کے بجائے ان دوونوں جماعتوں کو چاہئے کہ وہ اٹانومی اور سیلف رول کے فرسودہ اور زائدالمعیاد نعرے بازی بند کرکے لوگوں کے جذبات اور احساسات کی بات کرے“۔ انجینئر رشید نے پی ڈی پی کے سرکردہ لیڈر غلام رسول میر کی اس موقعہ پر پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے دروازے ان تمام لوگوں کیلئے کھلے ہیں جنہیں اس بات کا دیر یا سویر احساس ہو چکا ہو کہ کشمیر ایک حل طلب مسئلہ ہے اور اس سے جھوٹے نعروں سے جھٹلایا نہیں جا سکتا۔ اس موقعہ پر پارٹی کے لیڈران ملک طارق رشید، لون اعجاز اور محمد رفیق بٹ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں