کشتوار سڑک حادثے وزیر اعظم مودی اور دیگر لیڈران کی جانب سے اظہار رنج

کشتوار حادثہ ”دل کو چھلنی “ کردینے والا واقعہ: مودی
وزیر اعظم نریندر مودی نے سوموار کو کشتوار میں سڑک کے المناک حادثے پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطہ سائٹ ٹویٹر پر وزیر اعظم نریندر مودی نے حادثے پر رنج و غم کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ اسے ”دل کو چھلنی“ کرنے والے واقعے سے تعبیر کیا ہے۔مودی کے بقول ”جموں وکشمیر کے کشتوار میں پیش آیا سڑک حادثہ دل کو چھلنی کرنے والا واقعہ ہے۔ ہم حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین کےساتھ تعزیت کا اظہار کرنے کےساتھ ساتھ لواحقین کےساتھ دلی یکجہتی کا اظہارکرتے ہیں۔ نیز حادثے میں زخمی ہوئے افراد کی جلد صحت یابی کےلئے بھی دعا گو ہیں“۔

سانحات سے متعلق زیرو ٹالرنس پالیسی ترتیب دینے کی ضرورت
عوامی نیشنل کانفرنس کی صدر بیگم خالدہ شاہ اور سینئر نائب صدر ایڈوکیٹ مظفر شاہ نے کشتوار میں پیش آئے سڑک کے المناک حادثے پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ دونوں لیڈران نے حادثے میں انسانی جانیں تلف ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کےساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرنے کے علاوہ زخمی افراد کی فوری اور جلد صحت یابی کےلئے دعا کی۔بیگم خالدہ شاہ نے گورنر ستیہ پال ملک پر زور دیا کہ وہ سڑک حادثات کے مسلسل رونما ہونے میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرے۔انہوں نے گورنرسے مطالبہ کیا کہ ایسے سانحات سے متعلق ریاستی سرکار کو زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہونا چاہیے تاکہ انسانی جانوں کے مسلسل اتلاف پرقابو پایا جاسکے۔ادھر پارٹی کے سینئر نائب صدر ایڈوکیٹ مظفر احمد شاہ نے بتایا کہ ایسے واقعات پر روک تھام لگانے کےلئے ذرائع سے کام لینے کی ضروت ہے۔ ایڈوکیٹ مظفر شاہ نے بتایا کہ اگر ذرائع سے صحیح کام لیا جائے تو ان سڑک حادثات سے بچا جانا ممکن ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات کو مستقبل میں روکنے کےلئے جواب دہی کا نظام درست کرنے کی ضروت ہے ۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کا اظہارِ رنج

نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے کشتواڑ میں المناک سڑک حادثے میں 35افراد کے لقمہ اجل بن جانے پر زبردست رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے لقمہ اجل بنے کے لواحقین کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کیلئے اللہ سے دعا مانگی۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ زخمی ہوئے افراد کو بہتر سے بہتر علاج و معالجہ یقینی بنائے اور لقمہ اجل بنے افراد کے پسمادگان کے حق میں ایکش گریشیا ریلیف فراہم کی جائے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر اور ایم ایل سی سجاد کچلو نے بھی اس دلدوز سڑک حادثے گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور لقمہ اجل بنے افراد کے پسماندگان کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹریفک حکام سے اپیل کی کہ اس بات کی تحقیقات ہونی چاہئے کہ 25سیٹوں والی منی بس میں 52سے زائد سواریاں اُٹھانے کی اجازت کیسے دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اووروں لوڈنگ کو اَن دیکھا کرنے سے ایسے حادثات مسلسل پیش آرہے ہیں، جن میں بڑے پیمانے پر قیمتی جانوں کی تلافی ہورہی ہے۔

امیت شاہ کا سڑک حادثے پر صدے کا اظہار
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جموں وکشمیر کے کشتوار ضلع میں پیش آئے سڑک حادثے پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حادثے میں انسانی جانیں تلف ہونے پر سخت افسوس جتاتے ہوئے لواحقین کےساتھ دلی تعزیت کااظہار کرنے کے علاوہ زخمی افراد کی فوجی اور جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔سماجی رابطہ سائٹ ٹویٹر پر مرکزی وزیر داخلہ نے حادثے سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ”کشتوار سڑک حادثے کی خبر موصول ہونے سے میں انتہائی صدمے میں ہوں۔ میں اُن خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے حادثے میں اپنے رشتہ داروں کو کھویا۔ میں دعاگو ہوں کہ حادثے میں زخمی افراد جلد از جلد صحت یاب ہوں“۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں