کامیاب آپریشنز کی بڑی وجہ عوامی تعاؤن
پاکستانی منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے فورسز کے مابین زبردست ہم آہنگی:پولیس سربراہ
ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2ہفتوں کے دوران مختلف ملی ٹنٹ مخالف آپریشنز میں 6 اعلیٰ عسکری کمانڈروں سمیت22عسکریت پسند مارے گئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جموں وکشمیرکی طرف ملی ٹنٹوں کو بھیج رہا ہے تاکہ یہاں کی امن وامان صورتحال میں رخنہ ڈالا جاسکے،تاہم پاکستانی منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے سیکیورٹی فورسز کے مابین زبردست ہم آہنگی ہے۔
کشمیر نیوز سروس کے مطابق پولیس ہیڈ کواٹر جموں میں سوموار کی صبح نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے دلباغ سنگھ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے حالیہ دو ہفتوں میں کئی کامیاب ملی ٹنٹ مخالف آپریشنز انجام دئے اور فورسز کو ان آپریشنز کے دوران بڑی کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے کہا کہ گزشتہ2ہفتوں کے دوران مختلف ملی ٹنٹ مخالف آپریشنز میں 22ملی ٹنٹ مار ے گئے جن میں کئی اعلیٰ کمانڈر بھی ہیں۔
ان کا کہناتھا ’ملی ٹنٹ مخالف آپریشنز کی کامیابی کی بڑی اور بنیادی وجہ عوامی تعاؤن ہے‘۔انہوں نے کہا کہ ان آپریشنز کے دوران فورسز کو کم سے کم نقصان ہوا اور سبھی آپریشنز کامیابی کیساتھ انجام دئے گئے۔ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ کا کہنا ہے کہ پولیس،فوج اور سی آر پی ایف کی مسلسل کوششیں ہیں کہ جموں وکشمیر کے عوام کو پرامن ماحول فراہم ہو اور اس کیلئے مؤ ثر اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا’جموں وکشمیر میں سیکیورٹی صورتحال میں آہستہ آہستہ بہتری آرہی ہے،تاہم پاکستان اور اسکے ملی ٹنٹ یہاں کی پرامن صورتحال میں رخنہ ڈالنے کیلئے مصروف ہے،پاکستان در اندازی کرا کے ملی ٹنٹوں کو کشمیر بھیج رہا ہے جبکہ وہ اپنی سر زمین پر ملی ٹنٹ تیار کرنے کیلئے تربیت بھی فراہم کرتا ہے‘۔
انہوں نے کہا ’سرحدوں پر پاکستانی عزائم کو ناکام بنانے کیلئے فوج وفورسز الرٹ اورتیار ہے اور کئی در اندازی کی کوششوں کو ناکام بنایا‘۔ڈی جی پی نے کہا کہ یہاں سرگرم متعدد پاکستانی ملی ٹنٹ مارے گئے ہیں اورجموں وکشمیر میں جاری ملی ٹنٹ کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ کار فرما ہونے کا ثبوت اپنے پیچھے چھوڑ جاتے ہیں۔
ڈی جی پی نے بتایا کہ رواں سال کے دوران اب تک35 کارروائیوں (ملی ٹنٹ مخالف آپریشنز) میں 88 ملی ٹنٹ مارے گئے۔ان کا کہناتھا کہ اس کے علاوہ40ملی ٹنٹ معاونین کو بھی گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ240بالائی زمین ورکر،جنہوں نے ملی ٹنٹوں کو مدد کی،کو گرفتار کیا گیا جن میں کئی ایک کو پی ایس اے کے تحت بند کیا گیا۔