4اعلیٰ انتظامی افسران جموں وکشمیر سے لداخ منتقل
سرینگر:مرکزی حکومت کی جانب سے ایک غیر معمولی فیصلے کے تحت جموں وکشمیر اور لداخ کے مرکزی زیر انتظام دونوں خطوں میں 4اعلیٰ انتظامی افسران کی تبدیلیاں اور تقرریاں عمل میں لائی گئیں جبکہ کشمیر کے معروف قانون دان جاوید اقبال وانی کو بحیثیت ہائی کورٹ جج تعینات کیا گیا۔
کشمیر نیوز سروس کے مطابق مرکزی حکومت نے ایک غیر معمولی فیصلے کے تحت’4آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران‘ کی تبدیلیاں عمل میں لائیں۔اس ضمن میں منگلوار کو مرکزی وزارت برائے امور داخلہ نے ایک حکمنامہ صادر کیا۔حکمنامے کے تحت لداخ میں تعینات آئی پی ایس افسر،سرگن شکلا کو تبدیل کرکے جموں وکشمیر میں تعینات کیا گیا۔
اسی طرح جموں وکشمیر میں تعینات آئی ایس افسر اجیت کمار ساہو،آئی اے ائس افسر،رویندر کمار،آئی پی ایس افسر،بھیم سین توتی اور آئی پی ایس افسر،راجیو اوم پرکاش کو تبدیل کرکے لداخ میں تعینات کیا گیا۔ادھر وادی کشمیر کے معروف قانون دان جاوید اقبال وانی کو منگل کے روز جموں کشمیر اور لداخ کے مشترکہ ہائی کورٹ میں جج کے طور تعینات کیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ اس سلسلے میں مرکزی وزارت انصاف کی طرف سے باضابطہ ایک حکمنامہ جاری کیا گیا جس میں صدر ہند کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جاوید اقبال وانی کو مرکز کے زیر انتظام جموں کشمیر اور لداخ کے مشترکہ ہائی کورٹ میں جج کے طور تعینات کیا گیا ہے۔