محکمہ موسمیات نے جاری کیا ’یلو الرٹ‘
سرینگر: محکمہ موسمیات نے منگلوار کو موسمی صورتحال کے حوالے سے ’یلو الرٹ‘ جاری کرتے ہوئے پیش گوئی کی ہے کہ13جون تک وادی کشمیر میں تیز ہواؤں کیساتھ بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا قوی امکان ہے۔
کشمیر نیوز سروس کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے گئے روزانہ موسمیاتی بلٹن میں بتایا گیا ہے کہ 10 سے لیکر13جون تک وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کیساتھ ساتھ بارشوں ہونے کا امکان ہے۔ترجمان نے اس حوالے سے ”یلو الرٹ“ جاری کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 13جون تک کشمیر وادی میں تیز ہوائیں،بارشیں اور گرج چمک کیساتھ ساتھ آسمانی بجلی گر نے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران وادی کشمیر میں 40کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔تاہم موسمیاتی بلٹن میں کہا گیا ہے کہ یہ سلسلہ چند ایک مقامات پر وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
روزانہ بلٹن کے مطابق اسی طرح کی صورتحال جموں میں رہنے کا امکان ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے مسلسل شام کے وقت وادی کشمیر میں تیز ہواؤں کیساتھ ژالہ باری ہورہی ہے،جسکی وجہ سے املاک کیساتھ ساتھ میوہ باغات،سبزیوں اور فاصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان کے سرینگر میں منگلوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28.4ڈگری سیلسیس درج کیا گیا،قاضی میں 27.1، پہلگام میں 23.4،کپوارہ میں 28.9، کوکرناگ میں 25.4، گلمرگ میں 21.5، مظفر آباد میں 32.5،میر پور 37.6اور جموں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.6ڈگری درج کیا گیا۔