غلام حسن میر کی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات

جموں وکشمیر میں متاثر تجارتی شعبہ کیلئے اضافی پیکیج کا مطالبہ

سرینگر:حکومت مرکزی زیر انتظام جموں وکشمیر میں حکومت ِ ہند کی طرف سے اعلان کردہ خصوصی پیکیج کی من وعن عمل آوری کے علاوہ میں متاثرہ تجارتی شعبہ کی مدد کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔

اس بات کی یقین دہانی لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے جموں وکشمیر اپنی پارٹی سنیئرلیڈر غلام حسن میر کو دی، جنہوں نے موصوف سے راج بھون جموں میں منگل کو ملاقات کی

کے این ایس کے مطابق پارٹی ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سابقہ وزیر نے لیفٹیننٹ گورنر کو عوامی نوعیت کے اہم معاملات بشمول اگست 2019سے بری طرح متاثرصنعت، سیاحت، تجارت، باغبانی اور زرعی شعبہ جات کی جموں وکشمیر میں بحالی کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔میر نے بتایاکہ کویڈ لاک ڈاؤن نے ملک بھر میں سبھی اقتصادی شعبہ جات کو بری طرح متاثر کیا ہے لیکن جموں وکشمیر میں پابندیوں کی وجہ سے صنعتکاروں، تاجروں، ٹرانسپورٹروں اور دکانداروں کو بھاری نقصان اُٹھانا پڑا ہے کیونکہ وہ گذشتہ سال اگست سے اس طرح کے لاک ڈاؤن سے گذر رہے ہیں۔

انہوں نے کیجول لیبرز، یومیہ اجرت، آئی ٹی آئی ورکرز کی ریگولر آئزیشن، بقیہ اجرتوں، ایس آر او202کی منسوخی، حکومت ِ ہند کی طرف سے اعلان کردہ فوائید کو متوسط وچھوٹے تجارتی یونٹس تک پہنچانے اور جموں وکشمیر بینک کی فعالیت بارے بتایا۔انہوں نے بتایاکہ ایم ایس ای یونٹ ہلڈرز نے ملک بھر میں مختص 300,000کروڑ روپے میں سے ایک دن میں 19000کروڑ سبھی بنکوں نے تقسیم کر دیئے جبکہ جموں وکشمیر میں صرف180کروڑ ہی دیئے گئے، وہ بھی ایس بی آئی کی طرف سے، جموں وکشمیر بینک نے ابھی تک ایسا نہیں کیا۔

انہوں نے متوسط اور چھوٹے تجارتی یونٹس کے بقیہ رقومات کی ادائیگی بارے بتایا۔ انہوں نے بتایاکہ کشمیر میں دستکاروں، کاریگروں کو بلاواسطہ اور بلاواسطہ طور پر بھاری نقصان اٹھانا پڑاہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ شہرِ سرینگر کے ڈاؤن ٹاؤن علاقوں سے تعلق رکھنے والے دستکاروں اور کاریگروں کے کنبہ جات کو خصوصی مالی امداد دی جائے۔ میٹنگ کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے یقین دلایاکہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے ازالہ پر خصوصی توجہ دے رہی اور ہر سطح پر اچھی انتظامیہ وجوابدہی کو یقینی بنایاجارہاہے۔ انہوں نے جموں وکشمیر اپنی پارٹی لیڈر کو یقین دلایاکہ اُن کی طرف سے نوٹس میں لائے گئے تمام مسائل کا جلد ازالہ کیاجائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں