کیجول و ڈیلی ویجرس ملازمین کے احتجاج پر روک، صدر سمیت درجنوں ملازمین کو حراست میں

حکومت پر عدم توجہی کا الزام

سرینگر:پولیس نے بدھ کو جموں وکشمیر کیجول ڈیلی ویجرس فورم کے 36گھنٹے کے علامتی احتجاج کو ناکام بناتے ہوئے فورم کے صدرسجاد احمد پرے سمیت درجنوں ملازمین کو حراست میں لیا۔اس دوران فورم نے اعلان کیا کہ اگر اُنکے جائز اور تسلیم شدہ مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو15اور16جون کو ضلع صدر مقامات پر احتجاج کیا جائیگا۔

کشمیر نیوز سروس کے مطابق جموں وکشمیر کیجول ڈیلی ویجرس فورم کے عہداروں نے بدھ کو مشتاق پریس انکلیو سرینگر میں اپنے مطالبات کو لیکر احتجاجی دھرنا۔فورم کے طے شدہ پروگرام کے تحت فورم سے وابستہ درجنوں عہدیداران فورم کے صدر سجاد احمد پرے کی قیادت میں پریس انکلیو سرینگر میں جمع ہوئے،جہاں انہوں نے اپنے مطالبات کو لیکر احتجاجی دھرنا دیا۔ملازمین فورم کے عہدیداران نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس اٹھا رکھے تھے،جن پر اُنکے مطالبات کو لیکر نعرے درج تھے۔

اس موقع پر کے این ایس کیساتھ بات کرتے ہوئے فورم کے صدرسجاد احمد پرے بتایا کہ آج کا یہ احتجاجی سر کار کی نا انصافی اور عد توجہی کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ 36گھنٹے کا علامتی احتجاجی دھر نا ہے،تاکہ سرکاربقول اُنکے خواب غفلت سے بیدار ہوجائے۔

جموں وکشمیر کیجول ڈیلی ویجرس فورم کے صدر سجاد احمد پرے نے حکومت پر زائد از60 ہزار عارضی ملازمین کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے جموں وکشمیر میں درجہ چہارم کی خالی اسامیوں کو پر کرنے کیلئے ایس ایس بی کو بھیجنے کا فیصلہ ان عارضی ملازمین کے ساتھ نا انصافی ہے جو اپنی جان جوکھم میں ڈال کر لوگوں کی خدمت کرتے ہیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مذکورہ فیصلے پر نظرثانی کرکے عارضی ملازمین کی نوکریوں کو مستقل کریں اور جن ملازمین کی مقررہ مدت ملازمت ابھی پوری نہیں ہوئی ان کے حق میں منیمم ویجز ایکٹ لاگو کریں۔سجاد احمد پرے نے کہا کہ وزیر اعظم ہند نریندر مودی نے بھی اُنکی مستقلی کے حوالے سے اعلان کر رکھا ہے،لیکن جموں وکشمیر انتظامیہ اُنکے ساتھ ناانصافی کررہی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عارضی ملازمین کی ملازمتوں کر باقاعدہ بنایا جائے جبکہ اُنکی اجرتوں کو بھی واگزار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ملازمین کے مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو ضلع صدر مقامات پر15اور 16جون کو احتجاج کریں اور احتجاج کی تصاویر ازخود سوشل میڈیا پر اپ لورڈ کریں گے،تاکہ انتظامیہ نیند سے بیدا ر ہو جائے۔اس دوران پولیس حرکت میں آئی اور انہوں نے احتجاجی دھرنے پر بیٹھے فورم کے صدرسجاد احمد پرے سمیت درجنوں ملازمین کو حراست میں لیابعد ازاں اُنہیں رہا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں