5روز بعد این ایچ پی سی ڈیم سے لاش برآمد:پولیس
سرینگر:شمالی ضلع بارہمولہ کے سرحدی تحصیل اوڑی میں لاپتہ فوجی اہلکار کی تلاش بدھ کو اُس وقت ختم ہوئی جب5روز بعد اُسکی لاش ’این ایچ پی سی ڈیم سے برآمد ہوئی۔پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لیکر موت کی وجوہات جاننے کیلئے اپنی سطح پر مزید تحقیقات شروع کردی۔
کشمیر نیوزسروس کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شمالی ضلع بارہمولہ کے بونیار اوڑی میں 5 روز قبل لاپتہ فوجی اہلکار کی لاش بدھ کو این ایچ پی سی ڈیم سے برآمد ہوئی۔ ذرائع کے مطابق لاپتہ اہلکار نے اپنا ہتھیار اور ذاتی موبائل فون دریائے جہلم کے کنارے پر چھوڑا تھا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ5 دن کی مسلسل تلاش کے بعد آج مذکورہ اہلکار کی لاش بونیار ڈیم سے برآمد ہوئی۔مہلوک کی شناخت افسار سنگھ ولد سریندر سنگھ ساکن اترپردیش میں بجنور ضلع کے بیکنا گاؤں کے بطور ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کا آئی ڈی نمبر3312984اور وہ فوج میں جاٹ کی5ویں بٹالین سے وابستہ تھا۔ مذکورہ اہلکار2016 میں فوج میں بھرتی ہوا تھا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) بارہمولہ عبد القیوم نے اہلکار کی لاش ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قانونی لوازمات کیلئے نعش کو پولیس تحویل میں لیا گیا ہے۔اس دوران پولیس نے مذکورہ فوجی اہلکار کی موت کی وجاہت جاننے کیلئے مزید تحقیقات شروع کردی۔
تاہم ،غیر مصدقہ ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ اہلکار نے مبینہ طور پر خود کشی کی ہے،لیکن فوج یا پولیس نے اس کی تصدیق نہیں کی۔