وادی میں ایک اور کورونا ہلاکت ، جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر52ہوگئی

عالمگیر وبا ’کورونا وائرس‘ کا قہر نہیں رک رہا

سرینگر: چین کے شہروہان سے پُراسرار طور پر نمودار ہوئی وبا ’کووڈ۔19‘ سے ہلاکتوں کا سلسلہ جموں وکشمیر میں بھی جاری ہے۔وادی کشمیر میں جمعرات کو ایک اور ہلاکت رپورٹ کی گئی،جس کے ساتھ ہی جموں وکشمیر میں کورونا وائرس میں مبتلاء جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 52ہوگئی۔

کشمیر نیوز سروس کے مطابق جنوبی ضلع کولگام کی ایک خاتون، جو کورونا انفیکشن میں مبتلاء تھی جمعرات کو سکمز میں انتقال کرگئیں۔ سکمز کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ پروفیسر فاروق جان نے بتایا کہ کورونا سے متاثر62سالہ خاتون عارضہ قلب میں مبتلاء تھی۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ خاتون کو7جون کو سکمز میں داخل کرایا گیا تھا۔

اْسی دن اْس کا کورنا ٹیسٹ کیلئے نمونہ حاصل کیا گیا جو مثبت آیا جس کے بعد اْسے مخصوص وارڈ میں منتقل کیا گیا۔ کولگام کی خاتون کی موت کے بعدجموں کشمیر میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد52ہوگئی ہے،جن میں سے47 کا تعلق کشمیر سے ہے جبکہ 5جموں صوبے کے رہنے والے ہیں۔

وادی کشمیر میں اب تک کورونا سے متعلق اموات میں ضلع سری نگر12 اموات کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ ضلع بارہمولہ10 اموات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

ضلع کولگام میں 8، اننت ناگ میں 6، کپوارہ اور شوپیاں میں 3۔3، پلوامہ اور بڈگام میں 2۔2 اور بانڈی پورہ میں ایک مریض کورونا میں مبتلا ہوکر جاں بحق ہوگیا۔یاد رہے کہ جموں وکشمیر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد4500تجاوز ہوگئی۔

ادھرہندوستان میں کورونا انفیکشن کے یومیہ اعداد و شمار میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تقریباً 10 ہزار نئے معاملے سامنے آئے ہیں، جس سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 286579 ہوگئی اور اس وبا سے اب تک تقریباً 8102 لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔ ایک دن میں نئے کیسز سامنے آنے اور اموات، دونوں ہی معاملوں میں کورونا نے ہندوستان میں نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے میں جہاں انفیکشن کے9996 نئے کیس درج کیے گئے وہیں 357 لوگوں کی موت واقع ہوئی۔مرکزی وزارت برائے صحت و خاندانی بہبود کی کی جانب سے جمعرات کو جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اس وقت کورونا کے137448 سرگرم معاملے ہیں، جبکہ141029 لوگ اس وبا سے صحت مند ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

مہاراشٹر اس وبا سے ملک میں سب سے زیادہ متاثر ہے۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران3254 نئے معاملے درج کیے گئے ہیں اور 149 لوگوں کی موت ہوئی ہے جس کے ساتھ ہی ریاست میں اس سے متاثر ہونے والوں کی کل تعداد بڑھ کر94041 اور مرنے والوں کی تعداد3438ٍٍٍٍ ہوگئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں