بیک وقت کئی سیکٹروں میں شدید آر پار گولہ باری
اوڑی کے حاجی پیر سیکٹر میں خاتون ہلاک،متعدد زخمی،5کنبے محفوظ مقامات پر منتقل
اوڑی،پونچھ :لائن آف کنٹرول پر جاری تناؤ اور کشیدگی کے بیچ جمعہ کو اوڑی سے لیکر پونچھ تک کئی سیکٹروں میں ہند۔پاک افواج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس دوران اوڑی کے حاجی پیر سیکٹر میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔انتظامیہ نے 5کنبوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔
ادھر فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستانی مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے جس کا مؤ ثر جواب دیا جارہا ہے۔کشمیر نیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق شمالی کشمیر میں کے ضلع بارہمولہ کے اوڑی علاقے میں لائن آف کنٹرول پرحاجی پیر سیکٹر میں شدید گولہ باری ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں ایک 40سالہ خاتون لقمہ اجل بن گئیں۔
اس دوران پولیس اور انتظامیہ نے علاقے سے 5کنبوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ شدید گولہ باری کے باعث مقامی لوگ میں خوف و دہشت کی وجہ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ علاقے میں آخری اطلاعات موصول ہونے تک فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا۔ نمائندے کے مطابق شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے اوڑی کے حاجی پیرعلاقے میں لائن آف کنڑول پر جمعہ کے صبح ہند۔پاک افواج کے درمیان شدید گولہ باری کاتبادلہ شروع ہوا،جو وقفے وقفے سے جاری تھا۔
معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی فوج کی جانب سے داغے گئے ماٹرشل آبادی والے علاقوں میں جا گرے جس کے نتیجے میں ایک40سالہ خاتون اخترہ بیگم زوجہ ظہور احمد ساکن بٹ گرن اوڑی شدیدزخمی ہوئی۔اگر چہ زخمی خاتون کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، تاہم وہ یہاں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھی۔ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے ایس ڈی پی او اوڑی نے نامہ نگار ندیم خواجہ کو بتایا کہ علاقے سے 5کنبوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ علاقے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ کچھ لوگوں نے علاقے سے نقل مکانی بھی شروع کی ہے۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ ہندوستانی فوج نے پاکستانی فوج کا مؤثر جواب دیا۔ادھرعلاقے میں شدید فائرنگ سے خوف و دہشت پھیل گئی ہے اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، جبکہ نامبلہ علاقے میں تمام سرگرمیاں جس میں سرکاری دفاتر اور بازار شامل ہیں، مکمل بند رہے۔کشمیر نیوز سروس کے نام نگار نے شام دیر گئے علاقے سے اطلاع دی دی ہے کہ مذکورہ علاقے میں رک رک کے شلنگ کا سلسلہ جاری تھا جبکہ ساری صورت حال کے نتیجے میں آبادی سخت مشکلات سے دوچار ہے۔
ادھر اطلاعات کے مطابق طرفین کے مابین پونچھ کے کیرنی اور قصبہ سیکٹروں میں آتشی گولہ باری کا تبادلہ ہوا،جسکی وجہ سے سرحدی آبادی میں خوف وہراس پھیلا ہوا ہے۔
دفاعی ترجمان کے مطابق پاکستانی فوج نے جمعہ کی سہ پہر 4بجکر15منٹ پربلا اشتعال فائرنگ کی اور ماٹر گولے داغے،جس کا جواب دیا گیا۔انہوں نے پاکستانی فوج کی جانب سے کی گئی فائرنگ اور ماٹر شلنگ میں یہاں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ہند پاک افواج لائن آف کنٹرول پر آمنے سامنے اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان آئے روز آتشی گولہ باری کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے۔دونوں ممالک کی افواج کے درمیان سال2003میں جنگ بندی معاہدہ ہوا،تاہم اس کے باوجود طرفین کے مابین آئے روز گولہ باری کا تبادلہ ہوتا رہا ہے اور دونوں اطراف عام لوگوں کیساتھ ساتھ فوج کو بھی جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ املاک کو بھی زبردست نقصان پہنچتا ہے۔