راجوری میں پہلی کورونا ہلاکت

جموں وکشمیر میں عالمگیر وبا کا قہرجاری
جموں کشمیر میں اموات کی تعدادبڑھ کر 53ہوگئی،وادی میں 47،جموں میں 6

جموں،راجوری: پہاڑی وسرحدی ضلع راجوری سے تعلق رکھنے والے 65سالہ شہری کی گور نمنٹ مڈیکل کالج واسپتال جموں میں جمعہ کو کورونا وائرس سے موت ہوگئی۔ ضلع راجوری میں مہلک وائرس سے ہونے والی پہلی موت ہے اوراس طرح جموں کشمیر میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر53ہوگئی ہے۔

صوبہ جموں میں اب کورونا سے مرنے والوں کی تعداد6ہوگئی جبکہ صوبہ کشمیر میں یہ تعداد47ہے۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق جموں وکشمیر میں عالمگیر وبا کورونا وائرس کا قہر جاری ہے جبکہ متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہونے کیساتھ ساتھ اموات کے رجحان میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔پہاڑی وسرحدی ضلع راجوری میں کورونا سے پہلی موت رپورٹ ہوئی ہے۔

اس ضمن میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق صوبہ جموں کے ضلع راجوری سے تعلق رکھنے والے ایک شہری کی جمعہ کو کورونا وائرس سے موت واقع ہوگئی جو اس ضلع میں مہلک وائرس سے ہونے والی پہلی موت ہے۔اطلاعات کے مطابق کالاکوٹ تحصیل کے سیالسوئی گاؤں کا65سالہ شہری جی ایم سی جموں میں انتقال کرگیا۔

معلوم ہوا ے کہ اْسے6 روز قبل جی ایم سی جموں میں زخمی ہونے کے بعد داخل کیا گیا تھا جہاں اْس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری شیر سنگھ نے شہری کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ ضلع میں کورونا سے ہونے والی پہلی ہلاکت ہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم کی آخری رسومات کووڈ۔19کے قواعد وضوابط کے تحت عمل میں لائی گئی۔

راجوری کے شہری کی موت کے بعدجموں کشمیر میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد53ہوگئی ہے،جن میں سے47 کا تعلق کشمیر سے ہے جبکہ 5جموں صوبے کے رہنے والے ہیں۔وادی کشمیر میں اب تک کورونا سے متعلق اموات میں ضلع سری نگر12 اموات کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ ضلع بارہمولہ10 اموات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

ضلع کولگام میں 8، اننت ناگ میں 6، کپوارہ اور شوپیاں میں 3۔3، پلوامہ اور بڈگام میں 2۔2 اور بانڈی پورہ میں ایک مریض کورونا میں مبتلا ہوکر جاں بحق ہوگیا۔صوبہ جموں میں اب ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 6ہوگئی۔یاد رہے کہ جموں وکشمیر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد4500تجاوز کر گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں