کولگام کوروناوائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ہے ۔ اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 631 مریض ہیں ، جن میں سے 8 مریضوں کی موت واقع ہوئی ہے ۔
کولگام : مرکز کے زیر انتطام ریاست جموں و کشمیر کا ضلع کولگام کوروناوائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ہے ، جہاں اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 631 مریض ہیں ، جن میں سے 8 مریضوں کی موت واقع ہوئی ہے ۔ ضلع سے ابھی تک 13276 افراد کا ٹیسٹ کیا گیا جو کہ ریاست کے اندر کسی بھی ضلع کے مقابلہ میں سب سے زیادہ ہے ۔ جبکہ ان میں سے باہری ریاستوں سے آنے والے 8587 اور دیگر 4689 افراد شامل ہیں ۔ ضلع میں ٹیسٹنگ کرانے کی شرح سب سے زیادہ ہونے کے باعث مثبت معاملات سامنے آرہے ہیں جبکہ آبادی کے تناسب کے حساب سے فی 100 میں سے 3 افراد کا ٹیسٹ کیا جارہا ہے ۔
ادھرضلع سے اچھی خبر یہ بھی ہے کہ 338 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں اور انہیں گھروں کی طرف روانہ کردیا گیا ۔ تاہم فی الوقت 285 افراد کوروناوائرس سے متاثر ہیں اور ان کا علاج معالجہ چل رہا ہے ۔ اس طرح ضلع میں ابھی تک صحت یاب ہونے کی شرح 53.55 فیصد ہے ۔ جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ابھی ناکافی ہے جبکہ اس میں مزید اضافہ ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے ۔ ضلع انتطامیہ اور محکمہ صحت کوروناوائرس سے نمٹنے کیلئے دن رات محنت کررہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ مریضوں کی اتنی تعداد ہونے کے باوجود ضلع میں صورتحال بہتر ہے ۔
ڈی سی کولگام شوکت اعجاز بٹ کے مطابق ضلع میں کئی سماجی فاصلاتی مراکز قائم کئے گئے ہیں ، جہاں مریضوں کی تشخیص عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ اسی طرح انتطامیہ نے کئی کووڈ ویلنیس سینٹر بھی مریضوں کی دیکھ ریکھ کیلئے قائم کئے ہیں ۔ تاکہ کسی بھی صورتحال سے نمٹا جا سکے ۔ ضلع میں اس وقت زچہ بچہ اسپتال کولگام ، قاضی گنڈ ایمرجنسی اسپتال کو کووڈ مریضوں کے لئے وقف کیا گیا ہے ۔ تاکہ حاملہ خواتین کا بھی علاج کیا جاسکے ۔ اسی طرح کئی اسکولوں کو بھی کووڈ سینٹر بنایا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ بیڈس کی گنجائش پیدا کی جا سکے ۔
ضلع میں اس وقت دفعہ 144 نافذ ہے اور فی الحال تمام کاروباری ادارے اور ٹرانسپورٹ بند ہیں ۔ اگرچہ ڈی سی کولگام نے بتایا کہ لوگوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے ٹریڈرس ایسوسی ایشن سے میٹنگ کی گئی ہے ۔ تاہم ضلع میں کووڈ کے خطرات کو لے کر اہم فیصلے کرنا ابھی باقی ہے ۔(نیوز 18 اردو)