کنگن گاندر بل میں بھاری لینڈ سلائڈنگ: 3رہائشی مکان ،15دکانات تباہ ،سرینگر ۔ لہیہ شاہراہ بند

خبراردو:-
سرینگر: وسطی ضلع گاندربل کے کنگن علاقے میں جمعہ کو اُس وقت خوف ودہشت کی لہر دوڑ گئی جب پہاڑ کا ایک حصہ اچانک کھسک گیا جس کے نتیجے میں 3رہائشی مکانات اور15دکانات تباہ ہوگئے جبکہ سرینگر ۔ لہیہ شاہراہ پر جزوی طور پر ٹریفک کی آمد ورفت بھی متاثر ہوئی ۔

کشمیر نیوز سروس کے مطابق ضلع گاندر بل کے کنگن قصبہ سے 7کلو میٹر کی مسافت پر واقع ’’بونِ باغ ‘‘کے مقام پر سرینگر ۔ لہیہ شاہراہ پر پہاڑی ایک بہت بڑا حصہ کھسکنے کا ایک واقعہ رونما جسکے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کی املاک کو نقصان پہنچا ۔

معلوم ہوا ہے کہ پہاڑی کا ایک بہت بڑا حصہ اچانک کھسک آیا جسکے نتیجے میں املاک کو نقصان پہنچا ۔ یہ واقعہ جمعہ کی دوپہر کو پیش آیا ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ پہاڑی کا ایک بڑا حصہ کھسک آنے سے سرینگر ۔ لہیہ شاہراہ پر ٹریفک کی آمد ورفت بند ہوئی جبکہ اسکی زد میں آکر 3رہائشی مکانات اور15دکانیں بھی تباہ ہوئیں ۔

پہاڑی کھسکنے کے واقعے میں درخت اور کھیتوں کو بھی شدید نقصان پہنچاہے ۔ اطلاع ملتے ہی ایس ڈی ایم کنگن اور پولیس کی ایک ٹیم جائے واقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کا جائزہ لیا ۔

ایس ڈی ایم کنگن، حکیم تنویر کا کہنا ہے کہ لینڈ سلاءڈنگ کا واقعہ قصبہ کنگن سے7کلو میٹر کی مسافت پر بونِ باغ کے مقام پررونما ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ اس لینڈ سلاءڈنگ کے نتیجے میں 3رہائشی مکانات اور15دکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ نقصان کا تخمینہ لگا یا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ ان کا کہناتھا کہ سرینگر ۔ لہیہ شاہراہ پر ٹریفک بحالی کرنے کےلئے فوری طور پر مشینری اور افرادی قوت کو کام پر لگادیا گیا اور شاہراہ پر لینڈ سلاءڈنگ کی وجہ سے پیدا شدہ رکا وٹوں کو ہٹا کر ٹریفک کی آوا جاہی بحال کردی گئی ۔ واقعہ کے دوران علا قے میں خوف ودہشت کی لہر دوڑ گئی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں