عید ِ قربان پرلیفٹیننٹ گورنر کی عوام سے اپیل

’کاروباری سرگرمیاں اہم لیکن زندگی انمول‘
لوگ کوویڈ ۔ 19عالمی وباسے متعلق گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کریں :لیفٹیننٹ گورنر

سرینگ: زندگی کو قدرت کا انمول تحفہ قرار دیتے ہوئے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو نے عید قربان سے قبل عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے سبب عالمی وبا کووڈ ۔ 19برق رفتاری سے پھیلی ،ایسے میں لوگوں میں حد سے زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو کووڈ ۔ 19عالمی وبا سے متعلق مرتب کی گئیں گائیڈ لائنز(قواعد وضوابط ) پر سختی کیساتھ عمل کریں ۔ کشمیر نیوز سروس کے مطابق جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو نے اتوار کے روز اپنے ایک ویڈیو پیغام میں لوگوں سے کورونا وائرس سے متعلق گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جان ہے تو جہان ہے ۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاءون میں نرمی کے ساتھ ہی جموں و کشمیر خاص طور پر وادی کشمیر میں کورونا کے مثبت معاملات میں بڑی اچھال دیکھنے کو ملی ہے،جوکہ تشویشناک ہے ۔ انہوں نے کہا ’کیسوں میں اضافے کے پیش نظر آنے والے تہواروں کے دوران بھی حد درجہ احتیاط کرنے کی ضرورت ہے ۔

لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’ہم نے لاک ڈاون کے دوران کورونا وبا کو قابو میں رکھنے میں بڑی حد تک کامیابی حاصل کی تھی لیکن اس میں نرمی دینے کے ساتھ ہی کیسز میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے ‘ ۔ انہوں نے کہا ’اس صورتحال میں ، میں آپ سب سے اپیل کرنا چاہوں گا کہ اقتصادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ جان و مال کی حفاظت یقینی بنانا بھی از حد ضروری ہے ، ہم وقت وقت پر کورونا سے بچنے کی گائیڈ لائنز عوام کے سامنے رکھتے ہیں ۔ لوگ ان پر عمل کر کے اپنے آپ کو اس وبا سے بچا سکتے ہیں ‘ ۔

جی سی مرمو نے لوگوں سے عوامی مقامات پر ماسک پہننے اور سماجی دوری کا خاصا خیال رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہاکہ اسی لئے میری اپیل ہے کہ جب عوامی مقامات پر جائیں تو ماسک کا استعمال ضرور کریں اور سماجی دوری کا خاصا خیال رکھیں ‘ ۔ ان کا کہناتھا کہ اگر ہم گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل نہیں کریں گے تو وبا کا تیزی سے پھیلنے کا خطرہ ہے ۔ انہوں نے عیدالاضحیٰ اور آنے والے دیگر تہواروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا’آنے والے تہواروں کے دوران بھی گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کریں کیونکہ جان ہے تو جہان ہے ‘ ۔

لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وادی کشمیر میں کورونا کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے اور اس کو دیکھتے ہوئے گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان کا کہنا تھا ’اقتصادی سرگرمیاں بھی ضروری ہیں ۔ ہم نے اس کو دھیان میں رکھتے ہوئے کچھ علاقوں میں نرمی دی ہے لیکن وادی کشمیر میں بہت سارے ہاٹ سپاٹ ہیں ‘ ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ ایسے علاقوں میں ابھی خطرہ ٹلا نہیں ہے ،ایسے علاقوں میں بھی آپ گائیڈ لائنز کو سخت سے فالو کریں اور انتظامیہ کی مدد کریں ۔

واضح رہے کہ وادی کشمیر میں کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں اضافے کے بعد گذشتہ ہفتے دوبارہ لاک ڈاون کیا گیا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں