منفی کورونا رپورٹ کے بغیر کسی کامگار اور مزدور کو سرینگر داخل نہیں ہونے دیں گے :انتظامیہ

غیر مقامی کامگا روں اور مزدوروں کی سرینگر داخلے کےلئے رہنما خطوط جاری
خبراردو:-

سرینگر:ضلع انتظامیہ سرینگر نے ایک غیر معمولی فیصلے کے تحت غیر مقامی کامگاروں اور مزدوروں کی سرینگر داخلے کے حوالے سے باضابطہ طور پر رہنما خطوط جاری کئے ،جن کے تحت منفی کورونا رپورٹ کے بغیر کسی کامگار یا مزدور کو سرینگر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی ۔

کشمیر نیو زسروس کے مطابق سرینگر ضلع انتظامیہ نے بدھ کو کہا کہ کسی بھی غیر مقامی کامگار یا مزدورکو تب تک شہر سرینگر میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا جب تک اس کا کورونا ٹیسٹ رپورٹ منفی نہیں آئے ہے ۔ انتظامیہ نے غیر مقامی مزدوروں کے شہر میں داخل ہونے کی دیکھ ریکھ کیلئے نوڈل آفیسر کی تعیناتی بھی عمل میں لائی اور ہدایات بھی جاری کی ہیں ۔

انتظامیہ کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق شہر میں داخل ہونے والے غیر مقامی مزدوروں اور کامگاروں کے ٹیسٹ کرانے کیلئے ایک سکیم نافذ کی گئی ہے ۔ سرینگر میں غیر مقامی لوگوں کے داخل ہونے کے سلسلے میں محکمہ لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ نوڈل محکمہ کا رول ادا کرے گا اور اس ضمن میں سبھی انتظامات کی دیکھ ریکھ کرے گا ۔ ضلع کمشنر سرینگر بذات خود ان انتظامات کی نگرانی کریں گے ۔

اس دوران ذرایع سے معلوم ہوا ہے کہ غیر مقامی باشندوں کےلئے سرینگر میں یاترا کیمپ کو کووڈ اسکریننگ سینٹر میں تبدیل کیا گیا ہے ۔ ذرایع نے بتایا کہ سرینگر کے مضافاتی علاقہ پانتھہ چوک میں قائم کئے گئے یاترا کیمپ کو اب باضابط طور پر غیر مقامی کامگاروں اور مزدوروں کےلئے کووڈ اسکریننگ سینٹر میں تبدیل کیا گیا ہے ۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں داخل ہونے والے غیر مقامی کامگاروں اور مزدوروں کی کورونا ٹیسٹنگ باضابطہ طور پر نہیں ہورہی ہے ،جسکے بعد ضلع انتظامیہ سرینگر نے یہ فیصلہ لیا ہے کہ پانتھہ چوک میں قائم یاترا کیمپ کو اسکریننگ سینٹر میں تبدیل کیا جائے ۔

اس سینٹر میں سبھی غیر مقامی مزدورں کوکوویڈ ۔ 19تشخیص کی جائیگی اور جو غیر مقامی مزدور کورونا پازیٹیو نہیں ہوگا ،اُسے ہی شہر میں داخل ہونے کی اجازت دی جائیگی ۔ یاد رہے کہ وادی کشمیر وارد ہوئے سیکڑوں غیر مقامی مزدور کورونا پازیٹیو پائے گئے جس نے یہاں نظام صحت کےلئے نیا چیلنج پیدا کیا ہے ۔

ہزاروں مزدوروں کے ٹیسٹ کے نتایج ابھی آنا باقی ہے ۔ یاد رہے کہ منگلوار کو انتظامیہ نے سالانہ امرناتھ یاترا 2020کو بھی کوویڈ ۔ 19کے برق رفتار پھیلاءو کے پیش نظر منسوخ کیا گیا ۔ اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال ،اسسٹنٹ کمشنر محکمہ مال ،تحصیلدار پانتھہ چوک ،بی ایم او کھنموہ اور سی ایم او سرینگر نے مذکورہ یاترا کیمپ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں