ونچھ میں ایک مرتبہ پھر گولی باری۔ جنگجوؤں کے خلاف آپریشن دوسرے ہفتے میں داخل

پونچھ کے جنگلات میں جنگجو مخالف آپریشن 8ویں دن بھی جاری رہا جس دوران پیر کی علی الصبح طرفین کے مابین گو لی باری کا تبادلہ ہوا۔ سی این ایس کے مطابق پونچھ کے نار خار جنگلاتی علاقے میں پیر کے روز مشتبہ جنگجوؤں کے خلاف فوج کا آپریشن دوسرے ہفتے میں داخل ہو گیا ہے۔

صبح کے وقت طرفین کی کے مابین گو لی کا تبادلہ ہوا۔فوج کے مطابق پونچھ میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان 11 اکتوبر سے جاری جھڑپوں میں اب تک ایک جے سی او سمیت نو فوجی جوان جان بحق ہوئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ تین سے چار جنگجوؤں کا ایک گروپ سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مصروف ہے۔ یہ علاقہ پونچھ سے قریب سو کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔فوجی حکام کا کہنا ہے کہ پونچھ اور راجوڑی کے گھنے جنگلات میں ہونے والی اس کارروائی کے دوران جھڑپوں میں آپریشن کے پہلے روز ہی ایک جونیئر کمیشنڈ افسر سمیت پانچ فوجی ہلاک ہوئے تھے جبکہ اب تک ہلاک ہونے والے نو فوجیوں میں دو جونیئر کمیشنڈ افسران اور سات سپاہی شامل ہیں۔

گھنے جنگلات میں اب بھی آپریشن جاری ہے۔ لیکن دشوار گزار علاقے کی وجہ سے فورسز انتہائی محتاط طریقے سے کام کر رہی ہیں بتایا جاتاہے کہ جنگلات گھنا ہونے کے نتیجے میں آپریشن میں دشواریاں آرہی ہیں تاہم فوج نے مزید کمک بھیج دی ہے ذرائع نے بتایا کہ فوج، پولیس اور پیرا ملٹری فورسز نے پیرا کمانڈوز کے ساتھ جنگل میں چھپے ان جنگجوؤں کی تلاش کے لئے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن پہلے ہی شروع کر دیا ہے اور انہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے ہیلی کاپٹروں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگجو گھنے جنگل میں چھپے ہوئے ہیں اور وہ وقفے وقفے سے فائرنگ کر رہے ہیں جس کا بھر پور جواب دیا جا رہا ہے۔ سکیورٹی فورسز سے کہا گیا ہے کہ وہ احتیاط سے آگے بڑھیں۔ اس کے ساتھ ہی یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ اگر آپریشن ختم ہو جائے تو بھی اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مزید جانی نقصان نہ ہو۔

ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کو ایک علاقے میں گھیر لیا گیا ہے۔ فوج کے پیرا کمانڈوز اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے سکیورٹی فورسز کو امید ہے کہ یہ انکاؤنٹر جلد از جلد ختم ہو جائے گا۔خیا ل رہے کہ گذشتہ روز فوج نے اس جھڑ پ کے سلسلے میں دو افراد کو ان جنگجوؤں کو منطقی سپورٹ فراہم کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں