جموں کشمیر میں بارشوں اور برفباری کا قہر

گوہر رسول/ خبر اردو

جموں کشمیر میں خراب موسم نے اپنا قہر دکھانا شروع کر دیا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے ہو رہی بارش اور برفباری کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہر سرینگر کی سڑکوں پر جگہ جگہ پانی جمع ہو گیا ہے جس سے گاڑیوں کی آمد و رفت اور پیدل چلنے میں کافی دقتیں آ رہی ہیں۔

وادی کے باقی علاقوں سے بھی اسی طرح کا منظر دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ سڑک رابطوں پر شدید دشواری کے علاوہ کھیتوں میں کھڑی فصلوں کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔ کی علاقوں خاص طور پر شوپیاں میں سیب کی فصل ، جو ابھی درختوں پر ہی موجود تھی، نقصان کا شکار ہوئی ہے۔ درختوں کی ٹہنیاں ٹوٹنے کے مناظر کی مقامات سے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ کسان اور میوہ باغات کے مالکان میں مایوسی اور افرا تفری پائی جا رہی ہے۔

وادی کی لگ بھگ تمام اہم بڑی شاہراہیں بند کر دی گئی ہیں۔ جموں سرینگر قومی شاہراھ پر رامبن کے قریب کیفیٹریہ موڈ پر مٹی کے تودے گرے ہیں جس وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت بند ہو گئی ہے ۔ مغل روڈ پير کی گلی پر کافی برف جمع ہونے کی وجہ سے بند ہے ۔رازداں ٹاپ پر ۱۵ انچ سے زیادہ برف جمع ہوئی ہے اور باندی پورا گریز سڑک رابطہ بھی بند ہے۔ گلمرگ پہلگام سونمرگ گریز شوپیاں اور زوجیلا میں بھاری برف باری ہونے کی وجہ سے درجہ حرارت میں بھی کافی کمی ہوئی ہے۔ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت پانچ اشاریہ چھ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے افسر نے خبر اردو کو جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ خراب موسم کا یہ سلسلہ چوبیس تاریخ کی دوپہر تک جاری رہے گا۔اُسکے باد اگلے دس دنوں تک موسم عام طور سے خشک رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں