علامہ اقبالؒ نے ہی برصغیر کے عوام کو جذبہئ حب الوطنی سے سرشار کیا“

شاعر مشرق کو 144ویں یوم پیدائش پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا خراج عقیدت

سر ینگر: صدرِ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ (رکن پارلیمان)نے شاعر مشرق سر محمد اقبالؒ کے یوم پیدایش پر اپنے خراج عقیدت پیغام میں کہا ہے کہ علامہ مشرق نے اپنے فلسفہ حیات، علمی بصیرت اور جذبہ حب الوطنی سے برصغیر کے عوام میں بیداری کی لہر پیدا کردی تھی، جس کے نتیجے میں سارا برصغیر آزادی کی نعمت سے مالا مال ہوگیا۔

انہوں نے فلسفی شاعر کو زبردست خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے انہیں کشمیر کا مایہ ناز سپوت قرار دیا۔ انہوں نے کہا،کہ کشمیر کی سیاست کے ساتھ علامہ اقبال کی گہری دلچسپی تھی اور شیخ صاحب مرحوم نہ صرف شاعر مشرق کے فلسفہ خودی سے متاثر تھے بلکہ مفلوک الحال اور مظلوم کشمیریوں کے تئیں ان کے جذبات سے بھی آگاہ تھے۔ علامہ اقبال ؒ نے ہی کہا تھا کہ ”شیخ محمد عبداللہ نے کشمیریوں کے دل سے ظالم کا خوف دور کیا، وہ ایک نڈر رہنما ہے۔“

رکن پارلیمان نے مزید کہا،کہ کشمیر کے لوگ خاص طور سے علامہ کے تئیں جذبہ عقیدت رکھتے ہیں اور اِس عظیم شاعر کے خیالات سے بے حد متاثر ہیں۔ انہوں نے برصغیر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈاکٹر محمد اقبال کے یوم پیدایش کے موقعہ پر برصغیر کے سارے خطے کو امن آشتی کا گہوارہ بنانے کا عزم کریں، تاکہ یہاں کے لوگوں کو احساس محرومی سے نجات دی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ اہل کشمیر کو اِس بات پر فخر ہے کہ حضرت علامہ اقبالؒ کے آبا واجداد سرزمین کشمیر کے ہی عظیم سپوت تھے، مرحوم شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ نے ہمیشہ عوامی اجتماعات میں اکثر وبیشتر شاعر مشرق کے کلام سے لاکھوں لوگوں کے دلوں کو سکون بخشتا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں