سخت سردی کے چلتے شہر وگام میں بجلی کا بحران پیداہو گیا ہے۔ عوام بجلی کی آنکھ مچولی اور بار بار کی کٹوٹی سے تنگ آ چکی ہے۔ شہر کے کئی علاقوں کے علاوہ وادی کے ضلع مقامات میں بھی لوگ بجلی کے بحران سے متاثر ہو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ بجلی کی عدم توجہی عوام کیلئے درد سر بن گئی ہے۔
سی این ایس کو ملی تفصیلات کے مطابق وادی بھر میں بجلی کی آنکھ مچولی نے ایک بحرانی صورتحال پیدا کر دی ہے جس کے نتیجہ میں شہر وگام کی آبادی میں محکمہ بجلی کے خلاف سخت ناراضگی پائی جاتی ہے۔ بجلی کی عدم دستیابی نے شہر وگام میں ایک سنگین صورتحال پیدا کر رکھی ہے جس کے نتیجہ میں لوگ زبردست مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔سردی کی شدت کے باوجود محکمہ بجلی کی طرف سے طے شدہ شیڈول کے تحت فراہم کرنے والی بجلی کا نام ونشان دیکھنے کو نہیں ملتا اور بجلی کی کٹوتی میں روزبہ روز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
جس کے باعث لوگوں میں محکمہ بجلی کے خلاف سخت ناراضگی پائی جاتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بجلی کی عدم دستیابی کا سامنا ان علاقوں میں بھی لوگوں کو کرنا پڑتا ہے جن کے یہاں محکمہ بجلی نے جدید تکنیکی میٹر نصب کئے ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ محکمہ بجلی نے مذکورہ بجلی میٹر نصب کرتے وقت یہ دعویٰ کیا تھا کہ لوگوں کو یہ میٹر لگانے کے بعد بلا خلل بجلی فراہم کی جائیگی۔
تاہم یہ دعویٰ محکمہ بجلی کا سراب ثابت ہوچکا ہے اور اکثر علاقوں میں بجلی غائب رہتی ہے۔ وادی کے کئی علاقوں جن میں کپواڑہ، اوڑی، کولگام،شوپیان، چرارشریف، بیروہ، چاڈورہ،قاضی گنڈ، ورمل، بانڈی پورہ، کنگن پلوامہ،بڈ گام،اننت ناگ اور با نڈ ی پورہ شامل ہیں سے یہ ہی شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ ان علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی اورکٹوتی سے لوگوں کو کئی کئی گھنٹوں گھپ اندھیرے میں رہنا پڑتا ہے۔
ان علاقہ جات کے لوگوں نے محکمہ بجلی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ہر مہینے یا ہر سال پوری بجلی فیس عوام سے وصول کر لیتا ہے مگر لوگوں کو بجلی بحال کرنے کیلئے ابھی تک کوئی بڑی حکمت عملی نہیں اپنائی جا رہی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو اس ٹھٹھرتی سردی میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کپواڑہ سے اطلاع ہے کہ کرناہ، مڑھل اور کیرن کے علاوہ کپواڑہ کے کئی دیہات، جن میں گزریال، آورہ،دردسن، لون ہڑئی، شمناگ، ترگام، ہلمت پورہ،درد پورہ میں بجلی کا نام نشان ہی موجود نہیں ہے جب کہ کرناہ کا ٹیٹول بھی بجلی سے محروم ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں محکمہ بجلی کے خلاف غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ا۔ دریں اثنا شہر کے حبہ کدل راج باع، برزلہ، آلوچی باع، رام باع، قیوم کالونی راول پورہ، وان بل، رنگریٹ کے علاوہ کئی علاقے ایسے ہیں جہاں بجلی کی آنکھ مچولی اور کٹوتی کا سلسہ برابر جاری ہے ان علاقوں میں دن میں کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے۔