راہگیروں کی جامہ تلاشی اور گاڑیوں کی چیکنگ
سر ینگر:شہر کے سرائے بالا امیراکدل علاقہ میں نوے کی دہائی کے طرز پر راکٹ لانچروں اور دیگر جدید ہتھیاروں سے لیس فورسز اور پولیس اہلکاروں نے راہگیروں کی جامہ تلاشی لی۔
سی این ایس کے مطابق جمعرات کو ساڑھے گیارہ بجے سرینگر کے سرائے بالا علاقہ میں اس وقت مصروف ترین بازار میں رفتار تھم گئی جب اچانک جدید ہتھیاروں سے لیس سی آر پی ایف اور پولیس آپریشن گروپ کے اہلکار نمودار ہوئے۔
راکٹ لانچروں سے لیس فورسز اہلکاروں کی طرف سے سرائے بالا میں ڈھیرہ ڈالنے کی وجہ سے ہر ایک آنکھ ان کی طرف متوجہ ہوگئی۔پولیس ٹاسک فورس وفورسز اہلکاروں نے وہاں راہگیروں کی جامہ تلاشی لی جبکہ کئی گاڑیوں کی باریک بینی سے چیکنگ کی گئی۔ علاقہ میں فورسز اور پولیس کے خصوصی آپریشن گروپ سے وابستہ اہلکاروں کے بھاری جماؤ کے نتیجے میں سرائے بالااور اس سے ملحقہ علاقوں میں موجود راہگیر اور تاجر حیرت میں پڑگئے۔
میڈیا سے وابستہ افراد ان تمام مناظر کو اپنی کیمراؤں میں قید کرلیا۔یہ سلسلہ تقریبا دو گھنٹوں تک جاری رہا۔ان تمام مناظر کو دیکھ کر سرائے بالا گونی کھن مہاراقج بازار اور اسکے گرد ونواح میں سرا سیمگی پھیل گئی۔ دکاندار وں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر فورسز نے کئی عمارتوں پر مورچہ بھی سنبھالا جس کی وجہ سے وہ خوف میں مبتلا ہوگئے۔
پٹری پر سامان فروخت کرنے والے ایک دکاندار جاوید رسول نے بتایا کہ محاصر کے بعد ابھی ہم کچھ سمجھ ہی پار ہے تھے کہ راہگیر افراتفری کے ماحول میں محفوظ مقامات کی طرف دوڑنے لگے۔