فی الحال کسی بھاری برف باری کی کوئی پیش گوئی نہیں :سونم لوٹس

سری نگر:ماہر موسمیات اور علاقائی محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے بدھ کو کہا کہ جموں وکشمیرمیں فی الوقت کسی بھاری برف باری کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے کیونکہ موسم 5 دسمبر تک خشک رہے گا۔

جے کے این ایس کے مطابق میڈیا سے بات کرتے ہوئے سری نگرمیں قائم محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز کے سربراہ سونم لوٹس نے کہا کہ جمعرات کو موسم قدرے ابر آلود رہے گا اور بالخصوص شمالی کشمیر اور زوجیلا درے میں ہلکی برف باری ہوگی، تاہم کسی بھاری برف باری کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے۔ماہر موسمیات سونم لوٹس نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیرمیں 5 دسمبر تک موسم خشک رہے گا۔

انہوں نے لوگوں کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ رات کے وقت حرارتی یاگرمی دینے والے آلات بشمول کوئلے یاگیس پرچلنے والی بخاری نیز بجلی پرچلنے والے روم ہیٹروں کا زیادہ استعمال نہ کریں۔انہوں نے مشورہ دیاکہ لوگ تازہ ہوا کی آواجاہی کیلئے کمروں کے دروازے اورکھڑکیاں کثرت سے کھولیں تاکہ گیس جمع ہونے کی صورت میں دم گھٹنے سے بچاجاسکے۔سونم لوٹس نے کہا کہ سردیوں کے دوران لوگ خود کو گرم رکھنے کیلئے ہیٹنگ آلات کازیادہ اورتواتر سے استعمال کرتے ہیں اور کمروں میں تازہ ہوا کیلئے کوئی جگہ نہیں چھوڑتے۔

انہوں نے کہاکہ کمرے بندرہنے کی وجہ سے وہاں کاربن مونو آکسائیڈ جمع ہوتا ہے، جس سے یہ کمرے میں بیٹھے یاسوئے افرادکی جانوں وصحت کونقصان ہوتا ہے۔ اسلئے لوگوں کو گرمی دینے والے مختلف قسم کے آلات استعمال کرتے وقت ان چیزوں کا خیال رکھنا چاہیے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹرنے کہا کہ لوگوں کو سونے سے پہلے گرمی دینے والے آلات کو بند کر دینا چاہئے کیونکہ حال ہی میں گاندربل میں دم گھٹنے سے موت کا واقعہ پیش آیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں