پونچھ میں دراندازی کی کوشش ناکام، ایک جنگجو ہلاک۔

سر ینگر :فوج نے پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے بھمبر گلی سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کے دوران ایک جنگجو کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔فوج نے دعویٰ کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی ضلع پونچھ میں ایل او سی پر کے بھمبر گلی سیکٹر میں جمعرات اورجمعہ کی درمیانی شب جنگجوؤں نے در اندازی کرنے کی کوشش کی تاہم وہاں تعینات فوجی جوانوں نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کوشش کو ناکام بنادیا۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ اس دوران سیز فائر کی کوئی خلاف ورزی بھی نہیں ہوئی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ہتھیاروں سے لیس چار سے پانچ ملی ٹینٹوں نے حد متارکہ عبور کر کے جموں وکشمیر میں داخل ہونے کی کوشش کی۔انہوں نے بتایا کہ ملی ٹینٹ اندھیر ے اور دھند کا فائدہ اٹھا نے کی کوشش کررہے تھے تاہم اس دوران تعینات فوجی اہلکاروں نے کارروائی کی وجہ سے طرفین کے مابین فائر نگ کا تبادلہ ہوا اور دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا جس دوران ایک درانداز ہلاک ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستعد آرمی کے دستوں نے انٹیگریٹڈ سرویلنس گرڈ کے موثر استعمال سے دراندازی کی کوشش کا پتہ لگایا اور جوابی کارروائی کی۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں فوج نے علاقہ میں بڑی پیمانے پر تلاشی مہم شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں