سرینگر:وادی کشمیر میں جاری خشک موسم اور سخت ترین سردیوں کے بیچ محکمہ موسمیات نے 5سے 7دسمبر تک پیر پنچال کے آر پار ہلکی سے درمیانی درجے کی برفباری کی پیشگوئی ہے۔ا دھر وادی کشمیر کے ساتھ ساتھ لداخ میں سردیوں کا بھی زور جاری ہے جس دوران خطہ دراس میں شبانہ درجہ حرارت منفی 12تک پہنچ گیا ہے جبکہ مشہوقر سیاحتی مرکز پہلگام میں بھی شبانہ سردیوں کی لہر منفی 4ڈگری تک پہنچ گئی ہے۔
سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں شبانہ سردیوں کی لہر جاری ہے جس کے نتیجے میں اہلیان وادی کو سخت ترین پریشانیوں کا سامنا ہے۔ وادی کے ساتھ ساتھ خطہ لداخ میں بھی شدید سردیوں کی لہر جاری ہے جس دوران دراس میں رات کا درجہ حرارت منفی 12ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے کے باعث سردی کا زور برابر قائم ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دریں اثنا وادی میں پیر کے روز بھی موسم خشک رہا اور دن میں ہلکی سی دھوپ بھی چھائی رہی۔سردی سے بچنے کے لئے لوگوں کو گرم لباس میں ملبوس دیکھا گیا اور دفتروں، دکانوں اور دیگر کام کی جگہوں پر گرمی کے آلات جیسے ہیٹروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ پیر پنچال کے آر پار 5دسمبر سے موسمی صورتحال میں تبدیلی آئی گئی جس دوران پانچ سے 7دسمبر تک ہلکی سے درمیانی درجے کی برفباری اور بارشیں ہونگی۔